نوابشاہ، ادویات کی مہنگے داموں فروخت، 4 میڈیکل اسٹور سربمہر

207

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) کچھ روز قبل ڈپٹی کمشنر بے نظیر آباد ابرار احمد جعفر اور میڈیکل اسٹور مالکان میں مہنگا سرجیکل ماسک فروخت کرنے والا معاملہ شدت اختیار کرگیا، دونوں برادریوں کے بیچ میں راضی نامہ ہونے کے باوجود اسسٹنٹ کمشنر نواب شاہ طارق علی سولنگی ڈرگ انسپکٹر کے ہمراہ اسپتال روڈ پر واقع مختلف میڈیکل اسٹورز پر چھاپے مارکر زائد المیعاد دوائیں فروخت کرنے کے الزام میں چار میڈیکل سربمہر کردیے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر طارق علی سولنگی نے میڈیا کو بتایا کہ کئے عرصے سے عوامی شکایات تھیں کہ کچھ میڈیکل اسٹور مہنگی دوائیں فروخت کرنے کے ساتھ ساتھ زائد المیعاد دوائیں فروخت کرتے ہیں، جس کی وجہ سے ہم نے چھاپے مارے ہیں اور کئی میڈیکل اسٹوروں سے زائد المیعاد دوائیں برآمد ہوئی ہیں جوکہ انسانوں کے لیے خطرناک ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک میڈیکل اسٹور سے پی ایم سی اسپتال اور ڈی ایچ او کی سرکاری دوائیں ملی ہیں، جس کی انکوائری کی جائے گی کہ سرکاری دوائیں کون فروخت کررہا ہے، جس کیخلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ کسی سے بھی انصافی نہیں ہوگی۔ دوسری جانب کیمسٹ اینڈ ڈرگس ایسوسی ایش کے صدر مصطفی دھونئرو نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ہمارے خلاف انتقامی کارروائی کی جارہی ہے اور انتظامیہ کو بن بتائے چھاپے مارنے کا کوئی حق نہیں، ہم کسی بھی صورت میں غیر قانونی کام ہونے نہیں دیں گے۔