گجرات کی تاریخ اب دہلی کی سڑکوں پر دہرائی جارہی ہے‘ شاہ محمود

268

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ گجرات میں مسلم کش فسادات کی تاریخ اب نئی دہلی کی سڑکوں پر دہرائی جارہی ہے۔ان کے بقول ‘ناقابل یقین بھارت’ کو اب ‘عدم برداشت بھارت’ اور ‘جگماتا بھارت’ کو ‘جلتا ہوا بھارت’ کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کو عالمی سطح پر جانچ پڑتال کا سامنا ہے،’بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی پالیسیاں ایک خونی اور خطرناک موڑ لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں شہریت ترمیمی قانون کا مقصد ملک کے 20 کروڑ مسلمانوں کو آزادی سے محروم کرنا ہے، یہ پاکستان کے لیے گہری تشویش کا معاملہ ہے اور پوری دنیا کو بھی ہونا چاہیے، ہندوتوا اور اس کا بھارت کے ریاستی اداروں پر قبضے سے عالمی اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ تنازعات کی کوشش نہیں کی، ہم مقبوضہ کشمیر کے غمزدہ لوگوں کی آواز بنے اور بھارتی ایجنڈے اور عزائم کو پوری دنیا کے سامنے لانے میں کمی نہیں چھوڑی۔وزیرخارجہ کے بقول پوری دنیا کی رائے کشمیریوں کے حق میں اور انتہا پسند ہندوؤں کی حکمرانی کی بالادستی کے خلاف ہے۔شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کشیدگی کم کرنے اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے اپنے بنیادی مقصد پر قائم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں امن و استحکام لانے کے لیے مکالمہ ہی واحد قابل عمل آپشن ہے۔