عالمی منڈی میں مندی سے پاکستان کو فائدہ ہوتا ہے، اسد عمر

240

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں مندی سے ہمیشہ پاکستان کو فائدہ ہوتا ہے،ڈالرز اور پیٹرولیم کی قیمتوں میں ہونے والی کمی سے ہمیں فائدہ ہوگا۔ صحافیوں سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ معیشت میں بہتری کے گرین سگنلز مل رہے ہیں اور صنعتی شعبے کی بحالی مثبت پیشرفت ہے، گزشتہ 3 ماہ میں بیرون ملک سے 13 فیصد زیادہ زرمبادلہ آیا ہے، مہنگائی بھی 14 فیصد سے 12.4 فیصد پر آ گئی ہے، گزشتہ چند ہفتوں کے دوران روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتیں کم ہونا شروع ہوئی ہیں، ستمبر 2018ء میں کہا تھا کہ معیشت کو مستحکم ہونے میں 2 سال لگیں گے کیونکہ مہنگائی اور صورتحال کا اندازہ تھا، اب استحکام کی جانب گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال سی پیک کے 3 اسپیشل اکنامک زونز بنائیں گے، فروری میں سیمنٹ کی کھپت میں 31 فیصد اضافہ ہوا ہے، پرائس انڈیکس 20 فیصد سے کم ہو کر 14.6 پر آ گیا ہے جبکہ ترقیاتی فنڈز کے اجرا میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، ملکی برآمدات میں بھی 4 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ اسی عرصے کے دوران بھارت اور بنگلا دیش کی برآمدات منفی میں رہی ہیں۔ ایم کیو ایم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ ایم کیو ایم ہمارے ساتھ ہی رہے گی، ایم کیو ایم کے ایک وزیر جلد وفاقی کابینہ میں واپس آئیں گے۔