گوادر: ماہی گیروں کی کشتیوں کی سالانہ فیس 5لاکھ تک کردی گئی

146

گوادر (آن لائن) ماہی گیری کشتیوں کے سالانہ لائسنس فیس میں اضافہ کردیاگیا ،بڑی لانچیں5 لاکھ جبکہ 50 فٹ کی لانچیں 3 لاکھ اور چھوٹی کشتیوں کے لیئے 25ہزارروپے سالانہ لائسنس فیس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ،ماہی گیروں کا شدید احتجاج ،سال میں اتنا کماتے نہیں جتنافیس بھرنے کا کہا جاتا
ہے نوٹیفکیشن فوری منسوخ کرنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق حکومت بلوچستان اور کوسٹل ڈولپمنٹ اینڈ فشریزڈپارٹمنٹ نے ماہی گیری کی کشتیوں کے سالانہ لائسنس فیس میں بے تحاشا اضافہ کر دیا ہے سالانہ فیس بڑھانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیاگیا ہے جس میں 20فٹ سے چھوٹی کشتی کے لیے 25 ہزارروپے ،30 فٹ کے درمیانی کشتی کے لیئے 35 ہزارروپے40 فٹ کی لانچ کے لیے 75ہزارروپے 50 فٹ کی لانچ کے لیے3 لاکھ اور50 فٹ سے بڑی لانچ کے لیئے 5 لاکھ روپے سالانہ لائسنس فیس لینے کا حکم جاری کیا گیا ہے ،صوبائی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کو ماہی گیروں نے یکسر مسترد کردیا اور کہا ہے کہ وہ سالانہ اتنا کماتے نہیں ہیں جتنا انہیں فیس بھرنے کا کہا جاتا ہے انہوں نے کہاکہ محکمہ فشریز ماہی گیروں کو کوئی سہولیات مہیا نہیں کرتا اور نہ ہی غیرقانونی ٹرالنگ کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے لیکن اس کے باوجود بھاری لائسنس فیس لینا ماہی گیر کش پالیسی ہے جسے کسی بھی صورت قبول نہیں کیاجائے گا ۔