کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے ایران سے آنے والے زائرین کی اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔ محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف کے مطابق سندھ میں اب تک 65 مشتبہ مریضوں کے نمونے لیے جا چکے ہیں۔ جن میں سے63 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی جبکہ اب تک صرف2 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 22 سالہ نوجوان اور 65 سالہ شخص قرنطینہ میں ہیں اور ان کی طبیعت میں بہتری آ رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ صحت سندھ ایران سے آنے والے مسافروں سے رابطے میں ہے، ریپڈ رسپانس میڈیکل ٹیم وقتاً فوقتاً ایران سے آنے والے زائرین کی خیریت دریافت کرتی ہے اس لیے کورونا وائرس سے گھبرانے کی ضرورت نہیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ اس وائرس سے بچا جا سکے۔