لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے اشتہاری، روپوش و مطلوب 13 ملزمان گرفتار کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق دڑی پولیس نے دوران چیکنگ سرگرم ملزم عتیق جتوئی کو پستول اور گولیوں سمیت، رتوڈیرو پولیس نے اشتہاری ملزم گلزار گھانگھرو، روپوش ملزم سعداللہ کھکھرانی اور ملزم اطہر سیانچ کو شراب سمیت جبکہ ائرپورٹ پولیس نے اشتہاری ملزم سومر کلہوڑو اور روپوش ملزم شاہ زیب بگھیو کو جبکہ اللہ آباد پولیس نے مطلوب ملزمان مرتضٰی، ذوالفقار، وقار، شاہنواز، عرفان اور اسداللہ کو گرفتار کرلیا ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ دوسری جانب میہڑ کے قریب گاؤں جعفر خان چانڈیو میں زرعی زمین کے تنازع پر چانڈیو برادری کے دو گروپوں میں جگھڑا ہوا جہاں کلہاڑیوں، لاٹھیوں اور مکوں کے آزادنہ استعمال کے نتیجے میں ایک ہی گروپ سے تعلق رکھنے والے 6 افراد مولابخش، امیربخش، نورالدین، عبداللطیف، پیرل اور حاجی لیاقت چانڈیو شدید زخمی ہوئے جنہیں اہل خانہ نے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔زخمیوں کے مطابق ان کا اپنی ہی برادری سے پرانا زمینی تنازع چل رہا ہے جس پر بااثر افراد نے کلہاڑیوں، لاٹھیوں اور مکوں کے وار کرکے زخمی کردیا۔