مہتاب چائولہ ویٹرنز ہاکی سمیر حسین کی ہیٹ ٹرک پاک گرین کامیاب

258

کراچی(اسٹاف رپورٹر) دوسری مہتاب چائولہ ویٹرنز ہاکی لیگ اگلے مرحلے میں داخل ہوگئی۔ پاک ویٹرنز گرین، نیشنل کلب، ائر پورٹ، ٹائیگر، کینٹ کمبائنڈ، ڈولفینز، ڈی ایچ اے حیدرآباد اور ناظم آباد مجاہد ویٹرنز کلب نے دوسرے مرحلے میں جگہ بنالی۔ ویٹرنز ہاکی لیگ کے دوسرے اور آخری مرحلے کا آغاز اتوار 8 مارچ سے ہوگا۔ اولمپئین اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی میں جاری ویٹرنز لیگ میںگزشتہ شب کھیلے گئے چار میچوں کا فیصلہ ہوگیا۔ پاک ویٹرنز گرین، نیشنل، ڈولفینز اور ائیر پورٹ ویٹرنز کلب نے کامیابی حاصل کی کینٹ کمبائنڈ، سینٹرل فٹنس، پولیس ویٹرنز، اور ناظم آباد مجاہد ویٹرنز کلب کو شکست کا سامنا رہا۔ پاک ویٹرنز کے اولمپئین سید سمیر حسین نے ہیٹ ٹرک سمیت چار گول جبکہ نیشنل کلب کے اولمپئین کامران اشرف نے ہیٹ ٹرک بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ تفصیلات کے مطابق پہلے میچ میں پاک ویٹرنز گرین نے مد مقابل کینٹ کمبائنڈ کلب کو آخری گروپ میچ میں پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ اولمپئین سمیر حسین کے شاندار چار گول کی بدولت باآسانی 4-1 سے شکست دیدی۔ سمیر حسین نے ہیٹ ٹرک اسکور کی جبکہ انہوں نے چوتھا گول میچ کے 30 ویں منٹ میں اسکور کیا۔ کینٹ کمبائنڈ کا واحد گول ناصر خان نے 16 ویں منٹ میں اسکور کیا۔ دوسرے میچ میں نیشنل کلب نے سینٹرل فٹنس کلب کو 5-1 سے ہرادیا میچ کی خاص بات فاتح ٹیم کے فارورڈ اولمپئین کامران اشرف کی ہیٹ ٹرک تھی۔ ان کی جانب سے خالد پراچہ نے دو گول میچ کے 18ویں اور 31ویں منٹ میں اسکور کیے۔ حریف ٹیم کا واحد گول محمد علی نے 29 ویں منٹ میں اسکور کیا۔ تیسرے میچ میں ائرپورٹ ویٹرنز نے ناظم آباد مجاہد کو 3-2 سے زیر کرلیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے فیاض ارشد نے 2 اور ایک گول امتیاز حسین نے اسکور کیا۔ ناظم آباد کے گول مسرور احمد اور طارق عمر نے ایک ،ایک گول اسکور کیے۔ چوتھے اور آخری میچ میں پولیس ویٹرنز ہاکی کلب نے ڈولفینز ویٹرنز کے آگے ہتھیار ڈال دیے۔ پولیس ویٹرنز کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں 6-5 سے ناکامی کا سامانا کرنا پڑا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے مزمل حسین اور محمد عمران نے 2، 2 گول اسکور کئے جبکہ خرم خان اور زاہد فاروق نے ایک ، ایک مرتبہ گیند کو جال کی نظر کیا ۔ پولیس کی جانب سے عبدالخالق نے 2 گول بنائے جبکہ زاہد محمود ، نصیر احمد اور سرفراز الدین ایک ، ایک گول اسکور کیا۔ میچوں کے مہمان خصوصی ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل اعجاز الدین تھے۔ مہمان خصوصی کا تعارف کھلاڑیوں سے کروایا گیا۔ مہمان خصوصی نے ویٹرنز ہاکی لیگ کے انعقاد کو سراہا اور مستقبل میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا۔