لاہور(نمائندہ جسارت)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے نواز شریف کو خود لندن بھیجا تھا، اب وہ قوم کے سامنے جھوٹ نہ بولیں۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ موجودہ حکومت نے سول سوسائٹی کو بھی محدود کردیا جبکہ ایک سازش کے تحت غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) اور بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں (آئی این جی اوز) کے لیے ایک قواعد و ضوابط کا فریم ورک راتوں رات کھڑا کردیا جسکی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ریاست کی کوشش ہے کہ ہمارا میڈیا، این جی اوز، آئی این جی اوز، سول سوسائٹی کو کنٹرول کرے اور دکھائیں کہ ہم کتنے طاقت ور ہیں، لہٰذا ہم سمجھتے ہیں کہ تعمیری تنقید سے ریاست کو طاقت ملتی ہے۔ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ آزاد تنظیموں کے تحت کام کرتے ہوئے جو رپورٹ بناتے ہیں اور آپ کی پالیسیز پر تنقید کرتے ہیں تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ یہ آپ کی مخالفت کر رہے، آپ سے
بغاوت یا غداری کر رہے بلکہ یہ آپ کے عوام اور ریاست کے لیے بہتری چاہتے ہیں جس کی وہ تجویز دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں ہم سب محب وطن پاکستانی ہیں، جو ملک اور عوام کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں اور ریاست کو مختلف رائے کو برداشت کرنا چاہیے اور انہیں دبانا نہیں چاہیے۔بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ اس وقت ہر پاکستانی کا مسئلہ مہنگائی ہے جو پی ٹی آئی-آئی ایم ایف ڈیل کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہ آپ کے سامنے ہے تاہم اس ڈیل کو بے نقاب کرنے کے لیے پیپلز پارٹی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔بات کو آگے بڑھاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سول سوسائٹی کی تعریف کرتے ہیں جو ہر موقع پر اس پی ٹی آئی-آئی ایم ایف گٹھ جوڑ کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں۔دوران گفتگو سوالات کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ پاکستان کے عوام کی بات کی، جب نواز شریف حکومت میں تھے اور اگر ان کے انتخابی عمل کے دوران مسائل تھے تو ہم اس کے خلاف بھی آواز اٹھاتے۔انہوں نے کہا کہ جب نواز شریف حکومت میں تھے اور ہم سمجھتے تھے کہ پارلیمان کو اہمیت نہیں دی جارہی تھی تو ہم نے آواز اٹھائی تھی، اسی طرح اس وقت کی معاشی پالیسی پر بھی ہم اپنی آواز اٹھا رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت نواز شریف حکومت میں نہیں ہیں اور مجھے کوئی فائدہ نہیں کہ میں ان کی مخالفت کروں، اس وقت پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور ہم اس کی مخالفت کرتے ہوئے اپنے تمام اتحادیوں کے ساتھ کام کرنا چاہیں گے تاکہ ہم ایک مؤثر اپوزیشن کا کردار ادا کرسکیں۔بلاول زرداری نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان نے نواز شریف کو خود لندن بھیجا تھا، اب وہ قوم کے سامنے جھوٹ نہ بولیں، آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ وہ مجرم ہیں اور اگر مجرم تھے تو پھر انہیں کیوں جانے دیا گیا، اپنے مفاد اور حکومت بچانے کے لیے این آر او کرکے باہر بھیج سکتے ہیں تو پھر یہ ڈرامے بازی نہیں چلے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ کسی کو کرپشن کیسز میں کوئی دلچسپی نہیں، عمران خان کی صرف ایک ہی توجہ ہے کہ ان کا ‘کٹھ پتلی راج’ برقرار رہے اور اس کے لیے وہ جو بھی ہتھکنڈے اپنانا چاہیں اپنائیں گے، چاہے اس کے لیے انہیں میڈیا یا سول سوسائٹی کا گلا گھونٹنا پڑے یا ملک کے عوام کا معاشی قتل کرنا پڑے وہ کرتے ہیں۔رکن قومی اسمبلی اور پی ٹی ایم کے رہنما علی وزیر کے مبینہ طور دیے گئے ‘متنازع بیان’ سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے ایسا کوئی بیان نہیں سنا، اگر میں سنتا تو اس پر بیان دیتا، تاہم کسی غیرملکی طاقت کو اپنے ہی ملک پر حملے کی دعوت دینے کی کوئی تْک نہیں، اگر ایسا کوئی بیان دیا گیا ہے تو اس کی مذمت کرتے ہیں۔