لاہور (سید وزیر علی قادری) پاکستان سپر لیگ 5 میں مسلسل شکست کھانے والی لاہور قلندرز کی ٹیم نے دفاعی چمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز37رنز سے شکست دے کر ایونٹ کی پہلی کامیابی حاصل کرلی۔بین ڈنک اور سمت پٹیل کی دھواں دھار اننگز کی بدولت لاہور قلندرز نے کوئٹہ کو جیت کیلیے 210 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں کوئٹہ کی ٹیم 172 رنز پرآؤٹ ہوگئی ‘93 رنز کی اننگز کھیلنے پر بین ڈنک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔انہوں نے 43 گیندوں پر 10 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 93 رنز بنائے اور اننگز کی آخری گیند پر بین ڈنک کیچ آؤٹ ہوئے۔ قبل ازیںکوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے۔قلندرز کے ابتدائی 3 کھلاڑی 50 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے تھے۔ فخر زمان 15، کرس لین 27 اور محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد بین ڈنک اور سمت پٹیل نے چوکوں اور چھکوں کی بارش کردی اور ٹیم کا اسکور 209 تک پہنچادیا۔چوتھی وکٹ پر بین ڈنک اور سمت پٹیل کے درمیان 155 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ قلندرز کی چوتھی وکٹ 205 کے مجموعی اسکور پر گری جب سمت پٹیل 40 گیندوں پر 71 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔کوئٹہ کی جانب سے بین کٹنگ نے دو جبکہ حسنین، فواد احمد اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔کوئٹہ کی جانب سے آغاز جیسن رائے اور شین واٹسن نے کیا 28 کے اسکور پر جیسن 12 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد احسن علی 2، کپتان سرفراز احمد 9، شین واٹسن 23، اعظم خان 12 اور محمد نواز 24 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔بین کٹنگ نے کچھ مزاحمت کی تاہم وہ 27 گیندوں پر 53 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ انور علی 4، فواد احمد 13 اور نسیم شاہ 7 رنز بناسکے۔گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 20 اوورز میں 172 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور قلندرز میچ 37 رنز سے جیت گئے۔لاہور کی جانب سے سلمان ارشاد نے 4 جبکہ سمت پٹیل، دلبر حسین اور محمد فیضان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔