پارک لین ریفرنس، آصف زرداری پر 25مارچ کو فرد جرم عاید ہوگی

244

اسلام آباد(اے پی پی) احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان کے خلاف دائر پارک لین ریفرنس میں ملزمان پر فرد جرم عاید کرنے کے لیے 25 مارچ کی تاریخ مقرر کر دی ہے ۔عدالت نے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس میں انور مجید پر وڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عاید کرنے کی نیب استدعا پر تحریری درخواست جمع کرانے کا حکم دیا۔ منگل کو احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے جعلی بینک اکائونٹس کیس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے خلاف دائر پارک لین اور میگا منی لانڈرنگ ریفرنسز پر سماعت کی۔دوران سماعت طبی بنیاد پر آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ سماعت کے دوران فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان کی حاضریاں لگائی گئیں۔ دوران سماعت عدالتی استفسار پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ انور مجید کو کراچی سے اسلام آباد لانے کے لیے 2 ملین کے اخراجات کی درخواست موصول ہوئی ہے‘ ملزم گرفتار ہے‘ وڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عاید کی جائے‘ وڈیو لنک کے لیے جیل حکام سمیت متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی جائیں۔ جس پر فاضل جج اعظم خان نے کہا کہ اس حوالے سے عدالت میں تحریری درخواست دے دیں۔ عدالت نے پارک لین ریفرنس میں 25 مارچ کو فرد جرم عاید کرنے کی تاریخ بھی مقرر کر دی اور تمام ملزمان کو آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کاحکم دیا۔ عدالت نے دونوں ریفرنسز پر مزید سماعت 25 مارچ تک ملتوی کر دی۔