کراچی(اسٹاف رپورٹر ) پاکستان کوسٹ گارڈز نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے اسمگل شدہ چھالیہ ،انڈین گٹکا ،ایرانی ڈیزل اور دیگر سامان برآمد کرکے 8ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈزکو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ وندر(بلوچستان) سے بھاری مقدار میں ڈیزل اور متفرق اشیا اسمگل ہونے کا خدشہ ہے۔
پاکستان کوسٹ گارڈز کے خفیہ ذرائع کی نشا ندہی کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز کے علاقہ کمانڈرنے جوانوں کے ہمراہ موبائل گشت پارٹیاں ترتیب دیں اور مشکوک مقامات کی نگرانی شروع کر دی گئی۔ ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر 02مختلف کا روائیوں کے دوران غیر قانونی طریقے سے اسمگلنگ کی جانے والی کار اور لینڈ کروزر کو کاغذات نہ ہونے کی وجہ سے تحویل میں لے کر 03افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔موبائل گشت کے دورا ن وندر شہراور نا کہ کھاری چیک پوسٹ سے مختلف گاڑیوں سے 55,635 لیٹرایرانی ڈیزل برآمد کر تے ہو ئے 05 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
ناکہ کھاری چیک پوسٹ پرگاڑیوں کی تلاشی کے دوران غیر قانونی طریقے سے اسمگلنگ کی جانے والی ا شیا میں 2,235کلوگرام چھالیہ،755عدد ٹائر،2,215پیکٹ انڈین گٹکا، 1,955 اسٹیک غیر ملکی سگریٹ، 47بیگز چائنا سالٹ، 815پیکٹ نسوار اور200کلو گرام غیرملکی کپڑا ضبط کر لیا گیا۔شادی کورکے ایریا میں موبائل گشت کے دوران خفیہ طریقے سے چھپایا گیا 98,000لٹیر ایرانی ڈیزل برآمد کرلیاگیا۔جبکہ ایک اور کاروائی کے دوران کراچی ہاربر سے ایک لانچ سے غیر قانونی طریقے سے اسمگلنگ کیاجانے والا 4,500 لیٹر ایرانی ڈیزل بر آمد کر لیا گیا۔
تمام اسمگل کی جانے والی کار، لینڈ کروزر، چھالیہ،ایرانی ڈیزل، متفرق اشیا اور08افراد کو پاکستان کوسٹ گارڈزنے اپنی تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی جا ری ہے۔پکڑی جانے والی چھالیہ،ایرانی ڈیزل، متفرق اشیا اور گاڑیوں کی مالیت تقریبا 54کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔پاکستان کوسٹ گارڈز اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی کاروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تا کہ وطنِ عزیز کو اس لعنت سے نجات دلائی جا سکے اور اس مقصد کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔