کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

428

پاکستان سپر لیگ فائیو کے پندرویں میچ میں  کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے باآسانی شکست دیدی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 151 رنز بنائے، کراچی کنگز نے 152 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 18.1 اوورز میں حاصل کرلیا۔

پشاور زلمی کی اننگز

پشاور زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز کامران اکمل اور ٹام بینٹن نے کیا ،ٹام بینٹن پہلی ہی بال پر محمد عامر کا شکار بن گئے،وہ بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

 ٹام بینٹن کے آؤٹ ہونے کے بعد بیٹنگ کیلئے آئے حیدر علی بھی دو گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور 4 رنز بنا کرمحمدعامر کی گیند پر بولڈ ہوگئے، کامران اکمل بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 4 رنز بناکر عامر یامین کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ تھما بیٹھے۔

تین کھلاڑیوں کے پویلین لوٹ جانے کے بعد شعیب ملک،لیام لیونگ اسٹون اور لوئس گریگوری نےذمہ دارانہ بیٹنگ کی اورٹیم کےاسکورکوفائٹنگ  ٹوٹل تک پہنچایا،پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔

شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ کی اور55 گیندوں پر ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 68 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ لیام لیونگ اسٹون اور لوئس گریگوری 25، 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر نے 4 اور کرس جورڈن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کراچی کنگز کی اننگز

ہدف کے تعاقب میں کراچی کی جانب سے بابر اعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا، شرجیل خان پہلے ہی اوور میں حسن علی کی گیند پر 4 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد بابر اعظم اور ایلکس ہیلز نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے وکٹ کے چاروں طرف اسٹروکس کھیلے اوردوسری وکٹ کیلئے 100 رنز کی شراکت قائم کی، ایلکس ہیلز 49 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

اہلکس ہیلز کے آؤٹ ہونے کے بعد کمیرون ڈیلپورٹ بھی اسی اوور میں 2 رنز بنا کر باؤندڑی پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ جس کے بعد بابر اعظم اور والٹن نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا، بابر اعظم نے 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ والٹن 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پشاور کی جانب سے یاسر شاہ نے دو اور حسن علی اور بریتھ ویت نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔