کوئٹہ، معذور سماجی کارکنوں نے شہریوں میں مفت فیس ماسک تقسیم کیے

174

کوئٹہ (آئی این پی) کوئٹہ میں معذور سماجی کارکنوں نے شہریوں میں مفت فیس ماسک تقسیم کیے، رکن بلوچستان اسمبلی ثنا بلوچ نے بھی ماسک کی تقسیم میں حصہ لیا۔ ملک میں کورونا وائرس کے واقعات رپورٹ ہونے کے بعد جہاں ایک طرف منافع خوروں کی چاندی ہو گئی وہیں سول سوسائٹی کی جانب سے کوئٹہ میں آگاہی مہم کے تحت شہریوں میں مفت ماسک تقسیم کیے گئے۔ سول سوسائٹی کی جانب سے کوئٹہ میں آگاہی مہم شروع کی گئی اور شہریوں میں مفت ما سک تقسیم کیے گئے۔اس حوالے سے سماجی کارکن بتول علی کا کہنا تھا کہ ہماری یہ آگاہی مہم ماسک کے لیے ہے کیونکہ کسی بھی میڈیکل اسٹور پر ماسک دستیا ب نہیں اور جہاں دستیاب ہیں وہاں کافی مہنگے داموں میں فروخت ہو رہے جس سے لوگوں کا کافی نقصان ہو رہا ہے اور وہ خوفزدہ ہو چکے ہیں۔سماجی کارکن کرامت علی نے کہا کہ ہمارا مقصد عوام میں شعور پیدا کرنا ہے کہ آج کل جو کورونا وائرس پھیلا ہوا ہے اس سے بچائوکے لیے ہم اپنے گھروں میں یہ ماسک بنا کر بچوں اور تمام فیملی کو دے سکتے ہیں۔ کوئٹہ کے زرغون روڈ پر ان پولیو وائرس سے متاثرہ دونوں نوجوانوں کا جذبہ دیکھ کر عوام بھی داد دیے بنا نہ رہ سکے اور ہر رکشہ والا، موٹر سائیکل سوار اور فیملی کے ہمراہ شہری ان کے پاس رک کر ماسک حاصل کرتے رہے۔