کراچی (نمائندہ جسارت)بلاول زرداری نے نیب کی جانب سے پوچھے گئے تحریری سوالنامے کا جواب تاحال جمع نہیں کرایا، سوالات منی لانڈرنگ اور جعلی بینک اکاؤنٹس کی تفتیش کیلیے پوچھے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق فروری کے آغاز میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کو نیب نے منی لانڈرنگ اور جعلی بینک اکاؤنٹس کی تفتیش کے سلسلے میں طلب کیا تھا جہاں ان سے زرداری گروپ آف کمپینز کے اثاثوں اور بینک اکاؤنٹس کے بارے میں پوچھا گیا۔ نیب کی تفتیشی ٹیم نے ان سے زبانی پوچھ گچھ کے علاوہ تحریری سوالنامہ بھی دیا جو زرداری گروپ آف کمپینز کے حوالے سے 35 سوالات پر مشتمل تھا۔ نیب کی جانب سے اس سوالنامے کا جواب فروری کے تیسرے ہفتے تک طلب کیا گیا تھا تاہم نیب ذرائع کے مطابق بلاول زرداری کی جانب سے تاحال اس کا جواب جمع نہیںکرایا گیا ہے۔