ملک کو حکمرانی کا کورونا وائرس کھا رہا ہے ، احسن اقبال

132

 

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) ن لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کو حکمرانی کا کورونا وائرس کھا رہا ہے، واحد علاج فوری اور صاف شفاف الیکشن ہیں، عمران خان نیب قانون میں ترمیم نہیں ہونے دیں گے، نواز شریف نے واپسی کا کہہ دیا تو حکومت کے ہاتھ پیر پھول جائیں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ واپس آنے پر حکومت لندن ائر پورٹ پر نوازشریف کو روکے گی کہ علاج مکمل کر کے واپس آئیں، مسلم لیگ نون میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔انہوں نے عمران خان کو ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ تقسیم کرنے والا لیڈر قرار دے دیا اور کہا کہ جج کے فیصلے کی سیاہی خشک نہیں ہوئی کہ نیب نے اگلے دن بلا لیا۔ ہم نے گھر جلا کے سیاست کی ہے، کاش نیب کی یہ پھرتیاں آٹا، چینی مافیا کے خلاف ہوتیں، سارے مافیا وزیرِ اعظم
عمران خان کی چھتری تلے بیٹھے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ نیب قانون میں ترمیم نہ کرنے کی ذمے داری کسی حد تک ہم پر ہے، آئندہ الیکشن میں عوام نواز شریف کو جھولیاں بھر کے ووٹ دیں گے، میری ذاتی رائے ہے کہ حکومت کو آئندہ بجٹ بنانے کا موقع دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خدشہ ہے کہ پاکستان پر اسٹریٹجک پروگرام پر کمپرومائز کرنے کا دبائوڈالا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان فارن فنڈگ کیس میں کلین کیوں نہیں بنتے؟ واحد راستہ نیشنل ڈائیلاگ کے ذریعے 10 سال کے روڈ میپ پر اتفاق کرنا ہے۔ احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ اس سال صاف و شفاف الیکشن کرائے جائیں، پارلیمان کے اندر اور باہر احتجاج جاری رکھیں گے، اپوزیشن کو ذمے دار ہونا چاہیے اس لیے بلاول کے بیان کا جواب نہیں دیا۔