کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکرٹری سردار عبد الرحیم نے کہا ہے کہ ستر سالوں سے عوام کا استیصال ہورہا ہے۔پیپلز پارٹی نے نہ روٹی، نہ کپڑا اور نہ مکان دیا مگر سرے محل ضرور بنائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف سی ایریا میں پی ایس 127 کے آفس کا افتتاح کرنے کے بعد عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سردار عبدالرحیم نے کہا کہ زرداری لیگ ایک ناسور ہے جو آپ کے وسائل کو لوٹ رہی ہے۔دو فیصد لوگوں نے ملک پر قبضہ کرلیا ہے،شہری علاقوں کی قیادت بھی ناکام رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ فنکشنل کو اپنی پارٹی سمجھیں ،اگر سندھ متحد ہوگا تو پاکستان مضبوط ہوگا۔ سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ اردو بولنے والوں کے بڑوں نے پاکستان کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں اور قائد اعظم کے مشن پر لبیک کہا،ہندوستان میں آج بھی حالات برے ہیں مسلمانوں کو کچلا جارہا ہے،ہندوستان ٹکڑوں میں بٹ جائے گا۔جلسے سے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے چیف آرگنائزر کاشف نظامانی،رابطہ سیکرٹری عبدالکریم شیخ ودیگر نے خطاب کیا ۔