مقتدر قوتیں سیاست ملک کے نمائندوں کے حوالے کریں،محمود خان اچکزئی

235

کوئٹہ(آن لائن)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کو توڑنا نہیں چاہتے مگر غلام کی حیثیت سے نہیں رہیں گے، مقتدر قوتیں کان کھول کر سن لیں کہ سیاست آپ لوگوں کا کام نہیں ،سیاست میںمداخلت نہ کریں، ملک کو حقیقی عوامی نمائندوں کے حوالے کریں،آئین کہتا ہے جو آئین کو توڑتا ہے وہ پھانسی کاحقدار ہے اور جواس کام میں ان کی مدد کریں وہ بھی سزا کے حقدار ہیں،پچھلے دنوں آرمی ایکٹ کی حمایت میں تمام سیاسی جماعتوں نے ان قوتوں کوووٹ دیا جنہوں نے بار بار آئین توڑا،آئیں ایک ایسے پاکستان کی تشکیل کریں جس میں ایک قوم پر دوسری قوم کی بالادستی اور ایک طبقے پر دوسرے طبقے کی بالادستی نہ ہو۔غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک میں جمہوری نظام کوکسی بھی صورت کمزور نہیں ہونے دیں گے ،جمہوریت کی مضبوطی کے لیے ہمیشہ کردار ادا کیا ہے، اگر ہم غلط ہیں تو غلطی کی نشاندہی کریں یاذاتی مفاد حاصل کریں تو ہمیں بتایا جائے،ہم کہتے ہیں
کسی بھی ملک کی فوج اور ایجنسیاں مضبوط ہوں تاکہ وہ ملک کا صحیح معنوں میں دفاع کریں، سیاست فوج کا کام نہیں، سیاست میں مداخلت نہ کریں، اگر ان کوسیاست کا شوق ہے تو وردی اتار کر آجائیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان ایک رضاکارانہ فیڈریشن ہے اور اس ملک میں تمام اقوام اپنی اپنی سرزمین پرآبادہیں اور پشتون قوم کسی بھی صورت غلام کی حیثیت سے رہنے کے لیے تیار نہیں ہیں،اگر ہمیں حقوق دیے جائیں تو ہمارے بچے بھی خوشحال ہوں گے،ملک میں اپنے ہی بچوں کو کرپٹ کہا جارہا ہے اور پھر اپنے مفادات کے لیے ان کو وزیر اعظم اوروزیر اعلیٰ بنا کر جمہوری نظام کوکمزور کرنے کی کوشش کرتے ہیں، زراورزورسے وفاداریاں تبدیل کی جارہی ہیں۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ جو آئین کو نہیں مانتا اس کو ہم نہیں مانتے،آئین ہی کی بدولت ہم اکھٹے ہیں،آئین ان لوگوں نے توڑاہے جو لوگ آئین کونہیں مانتے،جس کی وجہ سے ملک دولخت ہوا،آئین کاآرٹیکل 6ان لوگوں پر لگائیں جنہوں نے آئین کو توڑا، جس کے نتیجے میںملک دو لخت ہوا،یہ آئین 20کروڑ عوام کا آئین ہے،اس کی طرف دیکھنے والوں کو ہم کسی بھی صورت برداشت نہیں کریں گے،صاف وشفاف انتخابات کرائے جائیں، بیشک ہم ہار جائیں تب بھی کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔