کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے روہڑی ٹرین حادثے میں بڑے پیمانے پر قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گھرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ رشید کے بطور وزیر ریلوے تقرر کے بعد ریل سروس پاکستانی عوام کا مقتل بن چکا ہے، آئے روز ریل کے خطرناک حادثات اور بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کی آج تک کسی نے ذمے داری قبول کی اورنہ ہی کسی عدالتی کمیشن کے ذریعے ذمے دارن کا تعین کیا گیا۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی حکومت قائم ہونے کے بعد ریلوے کا نظام مسلسل پستی اور عوام کے جان ومال کا تحفظ ایک خواب بن چکا ہے، گزشتہ سال لیاقت پور میں تیز گام ایکسپریس میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 80سے زائد افراد کی ہلاکت کے ذمے داران کو آج تک سزا نہیں ہوسکی نہ ہی متاثرہ خاندانوں کواعلان کردہ مالی معاونت مل سکی ۔ شیخ رشید آئے روز جان لیوا حادثات کے ذمے داروں کا تعین اور ٹرین حادثات پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ صرف عمران خان کی خوشامد اور قرب حاصل کرنے کیلیے مخالفین پر تنقید اور ان کی عیب جوئی کے بجائے شیخ رشید کو وزارت ریلوے پر مکمل توجہ دینی چاہئے ،تمام ریل حادثات اور بڑے پیمانے پر قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرانہیں مستعفی ہوجانا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر جاں بحق افراد کے خاندانوں کیلیے مالی معاونت کے پیکیج کا اعلان اور زخمیوں کا سرکاری خرچ پر بہترین علاج ممکن بنایا جائے۔
، حادثے کے ذمے داران کے تعین کیلیے ایک اعلیٰ سطح کا عدالتی کمیشن بنایا جائے اور نااہلی ولاپرواہی کے ذمے داران کو عبرت ناک سزا دی جائے۔