نارووال اسپورٹس سٹی کیس‘ احسن اقبال کی حاضری لگانے کی مخالفت

128

اسلام آباد(صباح نیوز/آئی این پی) اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں احسن اقبال کی حاضری لگانے کی وکیل صفائی نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ریفرنس نہ آ جائے تب تک احسن اقبال کی حاضری نہیں لگ سکتی۔ جج محمد بشیر نے نارووال اسپورٹس سٹی کیس کی سماعت کی۔ احسن اقبال عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔جج محمد بشیر نے ریمارکس دیے کہ کیس میں ملزم کی حاضریاں لگائی جائیں،جس پر وکیل صفائی نے احسن اقبال کی حاضری لگانے کے عمل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں کیسے حاضری ہو سکتی ہے۔وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے کے کیس میں احسن اقبال ملزم نہیں ہیں، جب تک ریفرنس نہ آ جائے تب تک احسن اقبال کی حاضری نہیں لگ سکتی۔احسن اقبال نے عدالت میں کہا کہ اسپورٹس سٹی پر وزیراعظم کی ہدایت پر کام روکا گیا ہے، گزشتہ 18ماہ میںنارووال اسپورٹس سٹی کو اجاڑ دیا گیا ہے، ریفرنس ان کے خلاف دائر کیا جائے جنہوں نے اسپورٹس سٹی اجاڑا ہے۔لیگی رہنماکاکہناتھا کہ ہماری حاضریاں لگوائی جا رہی ہیں، مافیا آزاد پھر رہا ہے، اس پر احتساب عدالت کے جج نے احسن اقبال سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ نے جو کچھ کہنا ہے تحریری طور پر وکیل کے ذریعے دیں۔عدالت نارروال اسپورٹس سٹی کیس کی مزید سماعت 26 مارچ تک ملتوی کردی۔