لاڑکانہ: ڈپٹی کمشنر کی کورونا سے بچاؤ کیلیے ممکنہ اقدامات کی ہدایت

272

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ محمد نعمان صدیق نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ضلع میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مناسب اقدامات اٹھائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔ انہوں نے گزشتہ روز ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں ضلع کے اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ صحت و تعلیم اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ کراچی میں کورونا وائرس کے 2 کیسز سامنے آنے کے بعد لاڑکانہ میں بھی امکانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے یہ اجلاس طلب کیا گیا جبکہ ایم ایس کی ہدایات پر اسپتال میں آئیسولیشن وارڈ بھی قائم کیا گیا جس میں کورونا وائرس کے خاتمے سے متعلق ادویات اور دیگر ضروری سامان کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ ایران یا چائنہ سے آنے والے افراد کے ضروری ٹیسٹ کیے جائیں اور اس کی رپورٹ آج شام تک بھیج دی جائے اور تحصیل کی سطح پر فوکل پرسن بھی تعینات کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ اوز کو ہدایت دی کہ ہو تحصیل کے اسپتالوں میں بھی آئیسولیشن وارڈز قائم کریں اور اسپتالوں کے اندر اور باہر صفائی کے بہتر انتظامات کریں۔