میکسیکو سٹی (جسارت نیوز)ا سپین کے شہرہ آفاق ٹینس اسٹار اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ رافیل نڈال اور امریکا کے دراز قد جان اسنر میکسیکن اوپن ٹینس مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے جبکہ سوئٹزلینڈ کے تھرڈ سیڈڈ اسٹانسلاس وارینکا کوارٹر فائنل میچ میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ میکسیکو میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز کوارٹر فائنل میچز میں ہسپانوی ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی کورین حریف کھلاڑی وان سون وو کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-2 اور 6-1 سے ہرا کر ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ امریکا کے دراز قد جان اسنر نے بھی کوارٹر فائنل لائن عبور کر لی، انہوں نے کوارٹر فائنل میچ میں ہم وطن حریف کھلاڑی ٹومی پال کو 7-6(7-3)، 3-6 اور 6-2 سے ہرا کر ٹاپ فور کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ ایک اور میچ میں بلغاریہ کے گریگور دیمتروف نے سوئس تھرڈ سیڈڈ اسٹار وارینکا کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-4 سے مات دیکر سیمی فائنل لائن عبور کی۔