کورونا وائرس کا فائدہ اٹھا کر کمپنیاں اور ادارے عوام کو لوٹنے لگے ، سراج الحق

302

 

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے نام پر کمپنیاں اور ادارے لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ان کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے ۔ حکومت نے کوروناوائرس کو روکنے اور بیماری کے خلاف عملی اقدامات کے حوالے سے
ابھی تک قوم کوکچھ نہیں بتایا۔ افغانستان اور ایران میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے باوجود حکومت سوئی رہی اور اس کے سدباب کے لیے کوئی مؤثر حکمت عملی نہیں بنائی ۔سینیٹ میں سب پارٹیوں کے ارکان حکومت سے مطالبہ کررہے ہیں کہ انہیں کچھ بتایا جائے مگر حکومت کہتی ہے کہ ہم سوچ رہے ہیں ۔سینیٹر سراج الحق نے سینیٹ اجلاس کے بعد پارلیمنٹ کے سامنے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکے دوران امریکا طالبان کے درمیان مجوزہ معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے افغانستان سے واپسی کا جواعلان کیا ہے اللہ کرے کہ وہ اس پر قائم رہے ۔دوسرا اہم مرحلہ بین الافغان مذاکرات ہیں تاکہ افغانوں کے اندر خانہ جنگی نہ ہواور وہ ایک متفقہ حکومت بنانے میں کامیاب ہوجائیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ خطے میں امریکی موجود گی نے دہشت گردی سمیت بہت سے مسائل کوجنم دیا ہے ۔دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور خطے میں قیام امن کے لیے امریکی افواج کا افغانستان سے انخلا ضروری ہے ۔ افغانستان کی آزادی اور خود مختاری کا تحفظ ہونا چاہیے اور افغانوں کو آپس میں بات چیت اور مذاکرات کا موقع ملنا چاہیے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کا امن افغانستان کے امن سے جڑا ہوا ہے ۔خطے کی ترقی و خوشحالی افغانستان میں امن سے ہی ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک چین میں کورونا وائرس پھیلنے کے فوری بعد ہماری حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ اس وباسے نمٹنے اور اس کے مؤثر سدباب اور علاج کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کرتی ،عوام کو اس سے بچنے کی تدابیر کے لیے قومی سطح پر ایک آگاہی مہم چلائی جاتی ،اسپتالوں میں آئسو لیشن وارڈز بنائے جاتے اور بیماری سے بچائو کے لیے قبل ازوقت ضروری اقدامات کیے جاتے مگر افغانستان اور ایران سمیت 50 ملکوں میں وائرس پھیلنے کے باوجود ہماری حکومت نے کوئی پروا نہیں کی جس کی وجہ سے آج ملک میں وائرس پھیلنے کاخطرہ بڑھ گیا ہے اور عوام کے اندر شدید خوف و ہراس ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ وائرس سے بچائو کے لیے ماسک اور دستانے وغیرہ عوام کو سرکاری سطح پرفراہمی کا انتظام کرے ،سرکاری اسپتالوں میں وائرس کی تشخیص اور مفت ٹیسٹوں کو یقینی بنائے اور جو کمپنیاں اور ادارے وباکا فائدہ اٹھا کر لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ان کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کورونا وائرس سے خوف زدہ ہونے کے بجائے اللہ سے اجتماعی توبہ و استغفار کیا جائے اور حکمران بھی اپنی ذمے داریوں کا احساس کریں تاکہ عوام کے اندراعتماد اور تحفظ کا احساس پیدا کیاجاسکے ۔