سکھر،لاڑکانہ میں ریلوے کی کروڑوں روپے کی اراضی واگزار

188

سکھر (نمائندہ جسارت) ریلوے پولیس سکھر کا لاڑکانہ میں ریلوے کی اراضی پر قابضین کیخلاف آپریشن، چار کروڑ سے زائد مالیت کی اراضی واگزار کر ا کے محکمہ ریلوے کے حوالے کردی، محکمہ ریلوے کی اراضی پر کسی کو قبضہ کرنا نہیں دیا جائے گا، ایس پی ریلوے سکھر ڈویژن نیاز احمد۔ ترجمان پاکستان ریلوے پولیس سکھر ڈویژن کے جاری بیان کے مطابق محکمہ ریلوے پولیس نے ایس پی ریلوے سکھر ڈویژن نیاز احمد سمیت محکمہ ریلوے کے بالا افسران ڈی این اے جہانزیب، اے ای این سروان علی، آئی او ڈبیلو شبیر احمد اور عملے کی نگرانی میں لاڑکانہ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں تجاوزات اور محکمہ کی اراضی پر قابضین سے زمین واگزار کرانے کے لیے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران جاری آپریشن میں 42232 اسکوائر فٹ اراضی، 144 دکانیں جن کی مالیت چار کروڑ چونسٹھ لاکھ بتیس ہزار روپے بنتی ہے واگزار کرا کے محکمہ ریلوے کے حوالے کردی ہے۔ ترجمان کے مطابق تمام آپریشن کی نگرانی ایس پی ریلوے سکھر ڈویژن نیاز احمد اور محکمہ ریلوے کے افسران نے کی۔ دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کے دوران ایس پی ریلوے سکھر ڈویژن نیاز احمد کا کہنا تھا کہ محکمہ ریلوے کی اراضی پر کسی کو قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ قبضہ گیر چاہے جتنا بااثر ہو اس کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔