کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے سابق امیر وسابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ پر جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ،جمعیت علما پاکستان کے سربراہ شاہ اویس نورانی ،مستقیم نورانی ،جمعیت علما اسلام کے صوبائی رہنما راشد سومرو، قاری عثمان ،پیپلز پارٹی کی صوبائی وزیر شہلا رضا ودیگر نے ان کے صاحبزادوں سے ملاقات واظہار تعزیت کیا ۔انہوں نے نعمت اللہ خان مرحوم کی دینی ،سیاسی اور سماجی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ مرحوم نے کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے مثالی کام کیاہے ، ان کی خدمات کو تادیر رکھا جائے گا۔انہوں نے نعمت اللہ خان کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی ،مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین و پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مولانا فضل الرحمن سمیت دیگر قائدین کی آمد پر ان کا خیر مقدم کیا۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ،سیکرٹری کراچی عبد الوہاب ودیگر بھی موجود تھے۔دریں اثنا جماعت اسلامی منارٹی ونگ کراچی کے صدر یونس سوہن ایڈووکیٹ کی قیادت میں مسیحی برادری اور پاکستان نرسز فورم کے ایم سی چیپٹر کے وفودنے ادارہ نورحق میں نائب امیر جماعت اسلامی کراچی مسلم پرویز سے ملاقات کی اور سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔وفد میں سیکرٹری منارٹی ونگ پرویز برکت ،نسرین اسٹیفن ،روبن راز، امجد فاروق، پاسٹر پرویز،ریحان غوری ، و دیگر موجود تھے۔ پاکستان نرسز فورم کے وفد میںنگہت وکٹر،کوثر، عذراپروین، سنیلا ودیگر شامل تھیں۔مسلم پرویز نے وفود کی ادارہ نورحق آمد پر خیر مقدم کیا۔ وفود نے نعمت اللہ خان کی سیاسی و سماجی خدمات پر ان کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔