راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تماشائیوں اور کھلاڑیوں کی جانوں کے تحفظ کے لئے پاکستان سپر لیگ میچ کے دوران اسپائیڈر کیم استعمال نہ کئے جانے پر سنجیدگی سے غورکیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق روالپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اسپائیڈر کیم کی تنصیب کے دوران پتنگ کی ڈور سے تین بار کیمرے کی بھاری تاریں کٹنے کے باعث براڈکاسٹررنے اسپائیڈرکیمرے کی تنصیب کاکام بھی روک دیاہے، اور اس کواستعمال نہ کرنے پرسنجیدگی سے غورشروع کردیاہے،براڈ کاسٹرز نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر میچ کے دوران تار کٹنے سے اسپائیڈر کیم گر گیا تو اس سے کوئی سانحہ ہوسکتا ہے۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے راولپنڈی میں دفعہ144 نافذ ہے اسکے باوجود منچلے شام ہوتے ہی چھتوں پر چڑھ کرپتنگیں اڑا تے ہیں،پولیس کوشش کے باوجود پنڈی اسٹیڈیم کے اطراف پتنگ اڑانیوالوں کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔
پی سی بی انتظامیہ، براڈ کاسٹرز ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی میٹنگ کے بعداسٹیڈیم میں اسپائیڈر کیم کے استعمال کا حتمی فیصلہ آج کیا جائیگا،اگر جمعرات کے میچ میں کیمرے کی تنصیب نہ ہوسکی تو پنڈی کے بقیہ میچوں میں بھی اسے استعمال نہیں کیا جائیگا۔
خیال رہے کہ بھاری اسپائیڈر کیمرا تاروں کی مدد سے کنٹرول کیا جاتا ہے جو میچ میں گراؤنڈ کے اوپر رہتا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بھی اسی قسم کی صورتحال کی وجہ سے اسپائیڈر کیمرے کے استعمال پر پابندی ہے۔