سکھر: یونین آف جرنلسٹس کا صحافیوں کے قتل پر احتجاج

232

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام سوات میں شہید ہونے والے صحافی جاوید خان، محرابپور میں شہید ہونے والے صحافی عزیز میمن کے قاتلوں اور ٹنڈوالہٰیار کے سینئر صحافی نور احمد تھیبو پر حملہ کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سکھر پریس کلب کے سامنے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی نائب صدر لالا اسد پٹھان، رکن ایف ای سی امداد بزدار اور سکھر یونین آف جرنلسٹس کے صدر سلیم سھتو کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے شہید ہونے والے صحافیوں کے قاتلوں کی گرفتاری اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کرنے والے صحافیوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر شہید ہونے والے صحافیوں کے قاتلوں کی گرفتاری کے مطالبے درج تھے۔ احتجاجی مظاہرے میں سکھر پریس کلب کے صدر نصر اللہ، جنرل سیکرٹری یاسر فاروقی، سکھر یونین آف جرنلسٹس کے نائب صدر جلال الدین اور سینئر صحافیوں سمیت دیگر نے شرکت کی۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہید صحافیوں کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔