پاکستان اور بھارت کی حکومتوں کو خود مختار کشمیر کا مشورہ دیا تھا،چوہدری شجاعت

230

لاہور(نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ(ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی حکومتوں کو خود مختار کشمیر کا مشورہ دیا تھا،مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو چاہیے کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کے بجائے مصالحتی کردار ادا کریں، مسئلہ کشمیر حل کروائیں اور کشمیریوں پر مظالم بند کروائیںتو یقینا اگلا صدارتی انتخاب باآسانی جیت سکتے ہیں ۔وہ مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، چودھری سالک حسین ایم این اے، سینیٹر کامل علی آغا، میاں عمران مسعود، ڈاکٹر عمر عادل، نسیم طاہر، ذوالفقار گھمن اور آمنہ الفت بھی موجود تھیں۔ چودھری شجاعت نے کہا کہ کامیاب کردار ادا کرنے کی صورت میں یقین سے کہتا
ہوں کہ ڈونلڈ ٹرمپ اگلا صدارتی الیکشن باآسانی جیت سکتے ہیں اور اقوام متحدہ کو کشمیر پر قرارداد چھوڑ کر دوسرے آپشن پر آمادہ کر سکتے ہیں جو خودمختار کشمیر کی شکل میں بھی سامنے آ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صدر ٹرمپ اقوام متحدہ کو کہیں کہ 72 سالہ پرانی قرارداد کو چھوڑ کر دوسری آپشن پر غور کریں اب تو اس قرارداد کی سیاہی بھی مٹ چکی ہے تو ٹرمپ کو دنیا بھر میں زیادہ پذیرائی ملے گی، مسلمانوں اور کشمیریوں میں انہیں مقبولیت حاصل ہو گی اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا حصول اور قریب ہو جائے گا۔ چودھری شجاعت نے کہا کہ یہ دوسرا فارمولا ہی مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے لیبیا کے لیڈر مرحوم کرنل قذافی کے ساتھ اپنی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ معمر قذافی نے انہیں یہ پیشکش کی تھی کہ وہ خود آ کر دونوں ممالک کے مابین مسئلہ کشمیر حل کرا سکتے ہیں اور نئی خودمختار مملکت کشمیر کو ابتدائی مالی امداد بھی مہیا کر سکتے ہیں، جب واپس آ کر میں نے دوسروں سے مشورہ کیا تو زیادہ تر افراد نے میری مخالفت کی اور مجھے چپ رہنے کا کہا لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ انسانی حقوق کے لیے آگے بڑھ کر آواز بلند کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کل جس طرح مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے وہ تمام دنیا کے سامنے ہے، نصف شب کشمیر میں معصوم اور نابالغ لڑکیوں کو جبراً ان کے گھروں سے اٹھا کر فوجی بیرکوں میں لے جایا جاتا ہے اور ان کی اجتماعی عصمت دری کرنے کے بعد انہیں طلوع صبح سے پہلے واپس گھر چھوڑ دیا جاتا ہے، یہ ایسا قبیح فعل ہے جس پر ان بچیوں کے ماں باپ اپنی بدنامی کی وجہ سے نہ آواز اٹھا سکتے ہیں اور نہ ہی کسی سے بات کر سکتے ہیں۔ چودھری شجاعت نے کہا کہ اگر 1971ء میں بنگلا دیش قائم کیا جا سکتا ہے تو کشمیر آزاد اور خود مختار کیوں نہیں بنایا جا سکتا، خصوصاً جب کشمیر میں بنگلا دیش سے بھی بدتر حالات ہیں اور کشمیریوں کی ظالمانہ نسل کشی ہو رہی ہے، اقوام متحدہ کی کشمیر قرارداد کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ چودھری شجاعت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں بہت اچھی تقریر کی تھی لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنی تقریر میں خودمختار کشمیر بنانے کی بھی تجویز دے دیتے یا کسی دوسرے آپشن پر غور کرنے کا مشورہ دے دیتے۔