نااہل حکمرانوں نے ملک کو کمزور کردیا،مولانا فضل الرحمن

476

جیکب آباد (آن لائن) جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں نے ملک کو کمزور کردیا، ملکی معیشت تباہ ہوچکی ہے، ملکی وسائل غلط استعمال کیے جارہے ہیں۔ وہ جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری کی قیادت میں گلشن شہید میں ملنے والے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا کہ جب ملک دولخت ہوا تھا تب بھی اتنا کمزور
نہیں ہوا تھا جتنا موجودہ حکومت میں کمزور ہوا ہے، نااہل حکمرانوں کی نااہلی کے باعث ملک معاشی طور پر بیٹھ گیا ہے ، ناجائز اور نااہل حکمرانوں نے نوجوانوں کا مستقبل تاریک کردیا ہے، موجودہ حکومت کے 18ماہ میں 25لاکھ روزگار سے وابستہ افراد بے روزگار ہوچکے ہیں موجودہ حکمرانوں میں ملک چلانے کی اہلیت ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاور اور پالیٹکس وسیع سبجیکٹ ہے جو موجودہ حکومت کے بس کی بات نہیں، سرمایا کاری ختم ہورہی ہے۔ کارخانے اور فیکٹریاں بند ہوچکی ہیں ۔ملک کو معاشی طور پر کمزور کردیا گیا ہے۔ ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہوچکا ہے لوگوں کی زندگی کو مشکل بنا دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم ملک کو آئین اور قانون کے تحت چلانا چاہتے ہیں اور ان شاء اللہ ہماری فتح ہوگی۔