اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانتیں منظور ہونے کے بعد سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیاجبکہ جعلی اکائونٹس کیس کے مرکزی ملزم عبدالمجید غنی کی 10کروڑ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزاسلام آباد ہائیکورٹ نے دونوں لیگی رہنماؤں کی ضمانتیں ایک، ایک کروڑ کے مچلکوں کے عوض منظور کی تھیں۔احتساب عدالت میں ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے بعد دونوں رہنماؤں کی روبکار جاری کی گئی جس کے بعد انہیں جیل سے رہا کردیا گیا۔اڈیالہ جیل سے رہائی کے موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد نے رہنماؤں کا استقبال کیا اور گل پاشی بھی کی۔ خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاہد خاقان عباسی کی ایل این جی کیس جبکہ احسن اقبال کی نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس کیس میں ضمانت منظور کی۔دوسری جانب قومی احتساب بیورو (نیب) نے لیگی رہنما احسن اقبال کی رہائی سے قبل ہی انہیں دوبارہ طلبی کا نوٹس جاری کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے 28 فروری کو طلبی کا نوٹس نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں تحقیقات کے لیے جاری کیا گیا ہے۔گزشتہ روز ہی نیب نے شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانتوں کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ علاوہ ازیںاسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی اکاؤنٹس کیس کے مرکزی ملزم عبدالمجید غنی کی 10 کروڑ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی ۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس فیاض احمد انجم جندران نے اومنی گروپ کے عبدالغنی مجید کی درخواست ضمانت پر کیس کی سماعت کی ۔عبدالغنی مجید کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عبدالغنی مجید کا علاج آغا خان اسپتال سے کرانا ہے اڈیالہ جیل کے نمائندے نے عدالت میں میڈیکل رپورٹ جمع کرائی۔ جیل حکام کی رپورٹ کے مطابق عبدالغنی مجید کو جیل میں ہر ممکن طبی سہولت دی، عبدالغنی مجید کے علاج کے لیے ٹیسٹ شوکت خانم اسپتال بھی بھیجے۔ عدالت نے نیب کی عبدالغنی مجید کی ضمانت خارج کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ عبدالغنی مجید کو صرف علاج کے لیے ضمانت پر رہا کر رہے ہیں۔ میرٹ کا تعلق نہیں اگر عبدالغنی مجید علاج کے علاوہ کہیں اور منتقل ہوئے تو نیب ضمانت خارج کی درخواست دے سکتی ہے۔مزید برآںاحتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس اور باغ ابن قاسم کو غیر قانونی زمین الاٹمنٹ ریفرنس میں گرفتار ملزم لیاقت قائم خانی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2مارچ تک توسیع کر دی ہے ۔بدھ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں ملزم لیاقت قائم خانی کو پیش کیا گیا۔