میر پور خاص: مشتعل اہلکاروں کا اجلاس کے دوران ایکسیئن حیسکو پر حملہ

146

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) دوران اجلاس ایکسیئن حیسکو عبدالعزیز بھٹو کی جانب سے حیسکو ملازمین کے ساتھ ہتھک آمیز رویہ اختیار کرنے پر مشتعل اہلکاروں نے ایکسیئن پر حملہ کر دیا، ہنگامہ آرائی کے بعد اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایکسیئن میر پور خاص عبدالعزیز بھٹو نے اپنے آفس میں اسٹاف کا اجلاس بلایا، اجلاس میں ہیر آباد ڈویژن کے لائن مین جاوید سموں سمیت دیگر اہلکار بڑی تعداد میں موجو د تھے، اس دوران ایکسیئن حیسکو کی جانب سے اسٹاف کے روزانہ ہونے والے اجلاسوں میں بدتمیزی سے پیش آنے اور جبری مشقت لینے پر اسٹاف آپے سے باہر ہوگیا اور گالم گلوچ کے بعد ایکسیئن پر حملہ کر دیا جس کی وجہ سے اجلاس ہنگامہ آرائی کی نظر ہوگیا۔ واضح رہے کہ میرپورخاص کے ایکسیئن عبدالعزیز بھٹو کے پاس ایس ڈی او کی پوسٹ تھی جبکہ انہیں ایکسیئن میر پور خاص بھی تعینات کر دیا گیا ہے، ان سے میرپورخاص کے عوام شدید پریشان ہیں، آئے روز صارفین کو ڈیڈکشن بل ارسال کر کے بلا وجہ تنگ کرنا معمول بن چکا ہے، میرپورخاص کی عوام نے وفاقی وزیر پانی وبجلی اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ میر پور خاص میں کسی ایماندار افسر کو تعینا ت کیا جائے بصورت دیگر احتجاج پر مجبو ر ہوں گے۔