میزبان ملتان سلطانز ٹیم پی ایس ایل کا میلا لوٹنے کیلئے پر عزم ،آج پشاور زلمی مدمقابل

224

ملتان /کراچی (نمائندہ خصوصی /سید وزیر علی قادری)ملتان اسٹیڈیم پہلی مرتبہ پی ایس ایل کے میچوں کی میزبانی کررہا ہے۔ لیگ میں شامل 34 میں سے 3 میچز ملتان میں آج سے کھیلے جائیں گے۔ 5 ٹیسٹ اور 7 ایک روزہ میچوں کی میزبانی کا اعزاز حاصل کرنے والے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلاانٹرنیشنل میچ اگست 2001 میں کھیلا گیا۔ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان کھیلے گئے اس ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے ایک اننگز اور264رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔اب تک ایک بھی انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ کی میزبانی کا اعزاز اولیا کی سرزمین کو حاصل نہیں ہوسکا۔البتہ متعدد مرتبہ ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کھیلے جاچکے ہیں۔لتان کرکٹ اسٹڈیم میں آج 12 سال بعد تماشائیوں کا شور گونجے گا،پی ایس ایل کے میچز کی میزبانی کیلئے ملتان میں تیاریاں مکمل،جنوبی پنجاب کے کرکٹ کے شیدائیوں کا جنون عروج پر ملتان کرکٹ ا سٹیڈیم میں 30ہزارسے زائد تماشائیوں کیلئے گنجائش، ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ڈومیسٹک میچز کھیلنے والے قومی کرکٹرز کو اب پی ایس ایل کے دوران شائقین کی ایک بڑی تعداد کے اسٹیڈیم کا رخ کرنے کی امید ہے۔ شاہد آفریدی اور شان مسعود ایونٹ میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کررہے ہیں۔ ملتان سلطانز کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 2020 میں ملتان سلطانز پہلی مرتبہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر میچ کھیلے گی۔ انہیں امید ہے کہ ملتان کے شہری اپنی پسندیدہ ٹیم کوسپور ٹ کرنے اسٹیڈیم ضرور آئیں گے۔شاہد آفریدی کا کہناہے کہ وہ ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ وہ جارحانہ بلے بازی اور اپنی اسپن بولنگ کے ذریعے ملتان اسٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ کو خوب محظوظ کریں گے۔ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے مکمل ایڈیشن کا پاکستان میں انعقاد خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہاکہ خوشی کی بات ہے کہ لیگ کے میچز اب کراچی اور لاہور سے دیگر شہروں میں بھی منتقل ہورہے ہیں۔شان مسعود نے مزید کہا کہ یہ ایک مہینہ پاکستان کرکٹ کے لیے بہت پرجوش لمحات پر مشتمل ہے۔انہوں نے کہا کہ بطورملتان سلطانز وہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر 3 میچز کھیلنے کے لیے بیتاب ہیں۔شان مسعود نے کہاکہ ملتان کے شہری کرکٹ سے پیار کرتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ قومی اور بین الاقوامی ستاروں کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے جوق در جوق ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔ سلطانز کی ٹیم شان مسعود کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ اسے شاہد آفریدی، جیمز ونس، معین علی، عمران طاہر اور رلی روسو جیسے نامور کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں، پشاور زلمی کی کپتانی کے فرائض ڈیرن سیمی انجام دیں گے جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں کامران اکمل، شعیب ملک اور وہاب ریاض شامل ہیں۔