کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کی سیکورٹی سے متعلق درخواست کی سماعت پر عدالت نے فریقین سے 3 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔ بلاول زرداری کی سیکورٹی سے متعلق درخواست کی سماعت سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔ بلاول کے وکیل اختر حسین عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے محکمہ داخلہ سے جواب طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ داخلہ یہ بھی بتائے کہ وی آئی پیز کی سیکورٹی کا کیا طریقہ کار ہے؟ عدالت نے 3 ہفتوں میں جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت مکمل سیکورٹی دیتی ہے مگر وفاقی حکومت تعاون نہیں کرتی، بلاول ملک بھر میں سفر کرتے ہیں انہیں سیکورٹی خدشات ہیں۔