اسلام آباد: ہائیکورٹ نے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کی ضمانت منظور کرلی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق و زیر داخلہ احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
احسن اقبال کی درخواست ضمانت پر نیب پراسیکیوٹر نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کے بیرون ملک فرار اور ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کا بھی خدشہ ہے۔
فاضل جج نے نیب پراسیکیوٹر سےاستفسار کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کا خدشہ ہے تو ملزم کا نام ای سی ایل میں ڈال دیں۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اگر احسن اقبال اپنا پاسپورٹ عدالت میں جمع کروائیں تو ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے احسن اقبال کی ایک کروڑ روپے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔