سکھر پولیس کی منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی ،4 ملزمان گرفتار

280

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر پولیس کا سماجی برائیوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری، نیو پنڈ پولیس نے خفیہ اطلاع پر چونہ بھٹہ پھاٹک کے قریب دوران ناکہ بندی کارروائی کرکے منشیات فروش خان محمد میرانی کو چرس سمیت گرفتار کرکے قبضے سے 1800 گرام چرس برآمد کرلی، ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ روہڑی پولیس نے علاقے میں کارروائی کرکے منشیات فروش طارق شیخ کو چرس سمیت گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم کے قبضے سے 1500 ہزار چرس برآمد کی گئی، ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تھانہ راؤ شفیع اللہ کی حدود میں کارروائی میں دو ملزمان اسٹریٹ کرمنل و شراب فروش گرفتارکر کے قبضے سے اسلحہ، شراب کی بوتلیں برآمد کرلی گئیں، ملزمان میں سرفراز اور علیم راجپوت شامل ہیں۔ علاقے کوٹ بلہ کے قریب نسوانی آواز پر غلام رضا کو اغوا ہونے سے بچا لیا گیا۔ غلام رضا کو کشمور کچے میں جیند جاگیرانی گینگ نے نسوانی آواز پر اغوا کرنے کی کوشش کی، جو گھر سے نکلا اور نسوانی آواز پر دادلو کے قریب پہنچا اور مقامی پولیس سے ایڈریس معلوم کرنے لگا، پولیس نے تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ مذکورہ شخص کو نسوانی آواز پر اغوا کرنے کے لیے بلایا گیا ہے۔ مذکورہ شخص نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے بتایا کہ ایک ہفتہ قبل کسی انجان نمبر سے کال آئی اور ایک خاتون سے دوستی ہوگئی، جس نے کچے کے علاقے میں ملاقات کے لیے بلایا، پولیس نے بروقت بچالیا۔ مذکورہ شخص کا ایس ایس پی سکھر سے اغوا ہونے سے بچانے پر شکریہ ادا کیا۔ سکھر میں دکان میں ڈکیتی کی واردات، ڈاکو ہزاروں روپے لوٹ کر لے گئے، سکھر کے سائٹ ایریا تھانے کی حدود میں گزشتہ روز دو ڈاکو ایک دکان میں گھس آئے اور انہوں نے دکان کے مالک احمد علی جعفری اور ان کے ملازمین کو یرغمال بنالیا اور اسلحے کے زور پر ہزاروں روپے نقد ودیگر سامان لوٹ کر لے گئے۔ ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری سی کی جانے والی اس واردات کو وہاں پر سی سی ٹی وی کیمرے نے محفوظ کرلیا، جس میں ڈاکوؤں کو واردات کرتے اور دکان مالک وملازمین کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ پولیس نے واردات کی رپورٹ درج کرلی، اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ دکان مالک کے مطابق دو ماہ قبل بھی ان کی دکان میں اس طرح کی واردات ہوئی تھی، تاہم اس حوالے سے بھی آج تک سکھر پولیس کوئی کارکردگی نہیں دکھا سکی۔ ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کی خصوصی ہدایت پر ضلع میں امن و امان کے قیام کے لیے نیشنل ایکشن پلان کے تحت پولیس کا مختلف علاقوں میں سرچ و کامبنگ آپریشن جگہ جگہ تلاشی کا عمل جاری، پولیس نے مختلف علاقوں میں ناکہ بندی کے دوران 18 مشتبہ افراد کو زیر حراست لے کر تفتیش کی، مختلف علاقوں میں امن و امان کی فضا بحال رکھنے کے لیے پولیس کا اسنیپ چیکنگ کا عمل جاری، مختلف چوراہوں پر مسافروں گاڑیوں کی تلاشی، دوران اسنیپ چیکنگ مشتبہ افراد اور گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کالے شیشوں، فینسی نمبر پلیٹس کیخلاف کارروائی سمیت اصلی کاغذات کی جانچ پڑتال کی گئی۔ متعدد گاڑوں کے کالے شیشے، فینسی نمبر پلیٹس اور گلوبس و نصب دیگر غیرقانونی چیزیں اتار لی گئیں۔