سرگودھا (این این آئی) سرگودھا میں ڈاکوئوں اور چوروں نے لاکھوں کا مال و زر لوٹ لیا اور فرار ہوگئے، پولیس مقدمات درج کرتے ہوئے مصروف کارروائی رہی۔ ذرائع کے مطابق سرگودھا کے چک 104 جنوبی کے قریب ریکوری کر کے آنے والے سٹیلائٹ ٹائون کے محمد ارشد سے دو ڈاکو تین لاکھ 20 ہزار روپے اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔ قصبہ بھلوال میں دو ڈاکو دکان بند کرنے والے تاجر احمد ندیم سے 20 ہزار روپے کی رقم چھین کر فرار ہوگئے۔ سرگودھا شہر کے علاقے محمدی کالونی گلی نمبر 18 میں چور گھر سے لیپ ٹاپ، موبائل، نقدی و قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔ دین کالونی سے ملحقہ شیرازی ٹائون میں بیوٹی پارلر میں فیشل کروانے کے لیے آنے والی خاتون قیمتی موبائل لے کر رفو چکر ہوگئی۔ قصبہ سلانوالی کے چک 111 شمالی میں زمیندار محمد مسعود کے باغ سے نصف درجن ملزمان مالٹے چوری کر کے فرار ہوگئے۔ سرگودھا لاہور روڈ سیال موڑ پر 2 کاروں میں آنے والے 9 ڈکیت ڈرائیور کو نیچے اتار کر بجری سے لوڈ ڈمپر چھین کر فرار ہوگئے۔ قصبہ لکسیاں کے موضع بہک دائم میں چور ثناء اللہ کی موٹرسائیکل لے اڑا۔ نواحی چک 142 شمالی میں چور موٹرسائیکل چرا لے گئے۔ پولیس مقدمات درج کرتے ہوئے مصروف تفتیش ہے۔ سرگودھا سلانوالی روڈ بلاک کر کے احتجاج کرنے پر 35 مظاہرین کیخلاف مقدمہ درج کر کے پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق سرگودھا شہر میں سلانوالی روڈ کی بہاری کالونی کے مکینوں نے روڈ بلاک کر کے احتجاج کرتے ہوئے مظاہرہ کیا تو پولیس تھانہ فیکٹری ایریا نے سولہ نامزد محمد صدیق،ظہور احمد،محمد اعظم، نعیم،سرفراز،محبوب ،محمد حسن، محمد طلحہ، شیر زمان،نعمان عزیز،مدثر علی،محمد اشرف، کاشف علی اور 15، 20 نامعلوم کیخلاف مقدمہ درج کرلیا، ملزمان کی گرفتاری کے لیے بہاری کالونی، گلشن کالونی، قائداعظم کالونی میں چھاپے مارتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، دیگر کی تلاش میں پولیس مصروف ہے ۔ سرگودھا کی تحصیل شاہ پور میں لین دین کے تنازع پر 24 سالہ نوجوان نے فائرنگ کر کے 36 سالہ کزن کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہوگیا۔ پولیس نے مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کرکے تفتیش شروع کردی۔ ذرائع کے مطابق تحصیل شاہپور کے علاقے شاہ یوسف میں 24 سالہ اصغر حسین اور 36 سالہ وقار حسین کے درمیان لین دین کے معاملے پر کشیدگی چل رہی تھی۔ باہمی معاملات اور لین دین کے مسئلے پر فریقین کے مابین کئی بار جھگڑے ہوئے۔ گزشتہ روز 24 سالہ نوجوان اصغر حسین نے اسی رنجش میں فائرنگ کر کے 36 سالہ کزن وقار حسین کو موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔ تھانہ شاہپور سٹی پولیس نے مقتول وقار حسین کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کردی۔