راولپنڈی/ملتان(نمائندہ خصوصیء)ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کا چوکوں اور چھکوں کا میلہ کراچی اور لاہور کے بعد ملتان اور راولپنڈی پہنچ گیا۔پی ایس ایل فائیو میں2دن آرام کے بعد کل کو ایک میچ کھیلا جائیگا۔ ملتان سلطان اور پشاور زلمی کی ٹیمیں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہونگی۔ راولپنڈی میں پہلا میچ 27فروری کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین میچ کھیلا جائیگا ۔ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں آج ملتان کرکٹ اسٹیڈیم ،اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم آج سے جبکہ لاہور قلندرزاور کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی ٹیمیں کل سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کریگی۔تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں 24 اور 25 فروری کو آرام کا دن ہے۔جسکے بعد میچز کا آغاز ملتان اور راولپنڈی میں ہوگا۔ملتان سلطان اور پشاور زلمی کی ٹیمیں ملتان پہنچ چکی ہیں۔26فروری کو ملتان سلطان اور پشاور زلمی کے مابین میچ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں (آج)منگل کو شام 6بجے ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں پریکٹس کرینگی اورپریکٹس سیشنز سے قبل دونوں اسکواڈز میں شامل ایک ایک رکن پری میچ پریس کانفرنس میں شرکت کرے گا۔راولپنڈی میں پہلا میچ 27فروری کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین میچ کھیلا جائیگا ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ ،لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں اسلام آباد پہنچ چکی ہیں۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں(آج)منگل کو دوپہر ایک بجے اسلام آباد یونائیٹڈ کے پریکٹس سیشن کا آغازہوگا۔لاہور قلندرز کی ٹیم (کل)بدھ کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کریگی،جبکہ اسی روز شام کواسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پریکٹس سیشنز کا آغازہوگا ۔ ٹریننگ سیشن سے قبل دونوں اسکواڈز میں شامل ایک ایک رکن پری میچ پریس کانفرنس میں شرکت کرے گا۔راولپنڈی میں دوسرا میچ 28 فروری کو پشاور زلمی اور لاہور قلندرز ،تیسرا میچ 29فروری کواسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی،چوتھا میچ یکم مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز،پانچواں میچ 2مارچ کو کراچی کنگزور پشاور زلمی،چھٹا میچ 5مارچ کو پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر،ساتواں میچ 7مارچ کوپشاور زلمی اوراسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائیگا۔راولپنڈی میں8واں اور آخری میچ8مارچ کو ملتان سلطان اوراسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائیگا۔ دوسری طرف ایسا پہلی مرتبہ ہوگا کہ ملتان اور پنڈی کرکٹ سٹیڈیمز ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میچوں کی میزبانی کریں گے، دونوں شہروں میں بسنے والے کرکٹ کے مداح اور مقامی کھلاڑیوں کے اہلخانہ اولیاء کا شہر، ملتان اور وفاقی دارالحکومت کا جڑواں شہر کہلانے والے راولپنڈی میں میدان سجنے کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔ لیگ میں شامل فرنچائز ملتان سلطانز کے مقامی کھلاڑیوں میں دراز قد فاسٹ بولر محمد عرفان اور نوجوان بلے باز ذیشان اشرف شامل ہیں۔ اسی طرح شاداب خان اور موسیٰ خان نے بھی بچپن سے راولپنڈی کے میدانوں میں ہی کرکٹ کھیلی ہے۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم، میں شیڈول تینوں میچوں میں میزبان ٹیم ملتان سلطانز ایکشن میں دیکھائی دے گی۔ مقامی کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت پر کرکٹ کے مداحوں کے ساتھ ساتھ دونوں کھلاڑیوں کے اہلخانہ بھی بہت پرجوش ہیں۔ ملتان سلطانز کے سکواڈ میں شامل دراز قد فاسٹ بولر محمد عرفان اور بائیں ہاتھ کے بلے باز ذیشان اشرف کے اہلخانہ اپنے کھلاڑی کو ہوم گراؤنڈ پر کھیلتا دیکھنے کیلئے بہت پرجوش ہیں۔ محمد عرفان کے بھائی محمد عاصم کا کہنا ہے خوشی ہے کہ رواں سال ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے تاہم ایونٹ کے دوران محمد عرفان کو اپنے ہوم گراؤنڈ یعنی ملتان میں کھیلتا دیکھنے پر یہ خوشی دوگنی ہوجائے گی۔ محمد عاصم نے کہاکہ وہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم جا کر ملتان سلطانز کو سپورٹ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچپن میں کرکٹ کھیلنے پر اکثر محمد عرفان کو والدین سے ڈانٹ پڑتی تھی مگر پھر عرفان کے جنون نے سب کو بے بس کردیا اور آج ہم سب محمد عرفان پر فخر کرتے ہیں ایل پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کے اسکواڈ میں شامل مقامی کرکٹر ذیشان اشرف کے والد محمد اشرف کا کہنا ہے کہ وہ،کرکٹر کی والدہ اور بھائی بہت خوش ہیں کہ ان کا بیٹا ملتان سلطانز کا حصہ بنا ہے۔ محمد اشرف نے کہاکہ ان کے بیٹا محنتی ہے اور آج اسے اس کی محنت کا صلہ مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دعا گوہیں کہ رب تعالیٰ، ان کے بیٹے کو پی ایس ایل میں بھی کامیابی دے اور وہ بطور کرکٹر جلد پاکستان کی نمائندگی کریں۔ محمد اشرف کا کہنا ہے کہ تمام اہلخانہ ایک گھر میں بیٹھ کر ذیشان کے میچز دیکھیں گے جبکہ اس کے دوستوں نے پلان کر رکھا ہے ۔