عوام ایران کا سفر کم سے کم کریں، وزیر مذہبی امور

146

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان قطعی طور پر زائرین پر پابندی نہیں لگارہی، صرف مخصوص وقت کے لیے احتیاطاً عوام ایران کا سفر کم سے کم کریں۔خیال رہے کہ پڑوسی ملک ایران میں بھی مہلک کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اب تک 50 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ 250 افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔اس صورتحال کے بعد پاکستان نے ایران کے ساتھ سرحد کو مکمل طور پر بند کردیا ہے جس کا آج تیسرا روز ہے جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے سرحدی اضلاع میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے۔ایران میں کوروناوائرس کے معاملے پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی زیرصدارت اجلاس ہواجس میں تمام صورتحال پر غور کیاگیا۔اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور مذہبی رہنما بھی شریک تھے۔اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے عوام سے ایران کا سفر کم سے کم کرنے کی اپیل کی ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان قطعی طورپر زائرین پرپابندی نہیں لگارہی، صرف مخصوص وقت کے لیے احتیاطاً عوام ایران کا سفر کم سے کم کریں۔انہوں نے کہا کہ فی الحال کوشش ہے زائرین اور تجارت کے لیے سفر کو کم سے کم کیا جائے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومتی اقدامات پر تمام علمائے کرام کو اعتماد میں لیا گیا ہے اور علمائے کرام اور مشائخ سے اپیل ہے کہ اپنی مجالس، خطابات اوربیانات میں لوگوں کو تعلیم دیں۔نورالحق قادری نے بتایا کہ ایران کے سفر کے لیے پالیسی تیار کررہے ہیں جبکہ ایرانی حکام، محکمہ صحت، دفترخارجہ اور علمی مراکز سے رابطے میں ہیں۔نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ پڑوسی ممالک چین اور ایران کے ساتھ کھڑے ہیں،ان ممالک کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنا ہمارا فریضہ ہے۔خیال رہے کہ پاکستانی حکام کی جانب سے تفتان میں پاک ایران سرحد پر امیگریشن گیٹ بند ہونے سے سرحدکے دونوں اطراف لوگوں اورگاڑیوں کی آمدورفت معطل ہے۔