اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہاہے کہ حکومت ایران میں مقامات مقدسہ کی زیارات پر کسی قسم کی پابندی لگانے کا سوچ بھی نہیں سکتی ہے تاہم موجود ہ حالات اور کورونا وائرس کی وجہ سے زائرین اور تاجرایران کے سفر میں احتیاط کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت مذہبی امور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد گفتگو کے دوران کیا اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سمیت وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر الطاف سمیت سیکرٹری مذہبی امور میاں محمد مشتاق بورانہ، شیعہ علما، شیعہ وفاق المدارس کے نمائندگان، ایران عراق زیارات کے منتظمین اور قافلہ سالاروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں چین کے بعد ہمسایہ ملک ایران میں کورونا وائرس کی اطلاعات کے باعث پاکستانی زائرین کو وبا سے بچاؤ، احتیاطی اقدامات، اور سفری ہدایات سے متعلق تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس کے آخر میں تمام شیعہ علماء (علامہ عارف واحدی، مفتی کفایت حسین نقوی، ڈاکٹر محمد حسین اکبر، سید نجم عباس نقوی، ڈاکٹر غضنفر مہدی و دیگر) اور زیارات منتظمین کی موجودگی میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پاکستان قطعی طور پر زائرین کی زیارتوں پر پابندی نہیں لگا رہی ہے تاہم صرف مخصوص وقت کے لیے احتیاطا عوام ایران کا سفر کم از کم کریں۔ انہوں نے کہاکہ فی الحال کوشش ہے کہ زائرین اور تجارت کے لیے سفر کو کم سے کم کیا جائے اس سلسلے میں علما کرام اور مشائخ اپنی مجالس، خطابات اور بیانات میں لوگوں کو تعلیم دیں اور شرعی پہلو سے آگاہ کیا جائے، انہوں نے کہاکہ ذاتی مفادات کو ایک طرف رکھ کر قومی مفاد کو مد نظر رکھا جائے خاص طور پر ایران کے سفر پر جانے والوں کو آگاہی دینا چاہتے ہیں انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے لیے گئے اقدامات پر تمام علما کرام کو اعتماد میں لیا گیا ہے، قوم متاثرین کورونا وائرس کی صحتیابی کے لیے خصوصی دعا کرے۔ انہوں نے کہاکہ پڑوسی ممالک چین اور ایران کیساتھ کھڑے ہیںاور ان دونوںممالک کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنا ہمارا فریضہ ہے، انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں حکومت ایران کے سفر کے لیے پالیسی تیار کررہے ہیں اورکورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ایرانی حکام، محکمہ صحت، ایرانی دفتر خارجہ اور علمی مراکز سے رابطہ میں ہیں اورامید ہے جلد اس وبا پر قابو پالیا جائے گا۔