خورشید شاہ کی درخواست ضمانت پر سماعت 16 مارچ تک ملتوی

107

سکھر (اے پی پی) سندھ ہائی کورٹ سکھرنے نیب کے زیر حراست پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی ضمانت کی درخواست پر سماعت 16 مارچ تک ملتوی کر دی، سندھ ہائی کورٹ سکھر کے جسٹس امجد حسین سہتو اور جسٹس ذوالفقار سانگی پر مشتمل خصوصی بینچ نے آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میںخورشید شاہ کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواست کی سماعت کی، خورشید شاہ کی جانب سے عدالت میں ملک کے معروف قانون دان و سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی اور مکیش کمار کارڑا پیش ہوئے۔ خورشید شاہ کے وکلاء نے مختصر دلائل دیے تاہم نیب کے پراسیکیوٹر نے ضمانت کی درخواست پر اعتراض اٹھاتے ہوئے اس کا جواب دینے کے لیے عدالت سے مہلت طلب کی تاہم عدالت نے ان کی درخواست پر سماعت 16 مارچ تک ملتوی کردی۔ سماعت کے دوران عدالت کو خورشید شاہ کے وکیل نامور قانون دان رضا ربانی نے آگاہ کیا کہ بینچ میں شامل ایک جج خود بھی الیکشن ٹربیونل میں خورشید شاہ کے وکیل بھی رہ چکے ہیں تاہم وہ ان پر اعتراض نہیں کررہے ہیں یہ بات صرف عدالت کے علم میں لانا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ خورشید شاہ ان دنوں جیل کسٹڈی میں سکھر کے این آئی سی وی ڈی اسپتال میں زیر علاج ہیں اور نیب نے ان کے ان کی بیگمات، بیٹوں، بھتیجوں سمیت اٹھارہ افراد کے خلاف ایک ارب 24 کروڑ روپے سے زاید آمدن کے اثاثے بنانے کے الزام میں ریفرنس سکھر کی احتساب عدالت میں دائر کررکھا ہے۔