اپریل میں دنیا کی بہت بڑی شخصیت ایم ایل ون کی بنیاد رکھے گی ،شیخ رشید

157

لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپریل میں دنیا کی بہت بڑی شخصیت ایم ایل ون کی بنیاد رکھے گی،ریلوے میں انقلاب آرہا ہے،ادارے کو خسارے سے نکالیں گے۔ گوجرانوالہ شٹل ٹرین کے افتتاح کے موقع پر میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ اور لاہور کے درمیان سڑکوں پر جو اربوں روپے کا پیٹرول ضائع ہوتا ہے یہ شٹل ٹرین چلاکرتیل کی بچت کی ہے جس سے آلودگی کے ساتھ ساتھ اسموگ بھی کم ہوگی۔ اس کا تعارفی کرایہ 100 روپے ہے اپریل سے اس میں اے سی کوچز بھی لگائیں گے جس کا کرایہ 300 روپے ہوگا ، ایمن آباد، کامونکی اورمریدکے اس کے اسٹاپ ہوں گے ۔ اسی طرح فریٹ ٹرینیں 7 سے بڑھا کر 15 کی ہیں اور اگر اللہ کو منظور ہوا تو 5 سال میں ریلوے کو خسارے سے باہر نکال دیں گے۔ اللہ کے حکم اور وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر گوجرانوالہ شٹل ٹرین چلارہے ہیں یہ شٹل ٹرین دن میں 6 دفعہ لاہو ر اور گوجرانوالہ کے درمیان چلے گی۔ پاکستان ریلوے جو اس وقت 7 کروڑ مسافر ایک سال میں اٹھاتا ہے ایک دو مہینے میں اس میں انقلاب آرہا ہے۔ 14سال پہلے ہم نے ایم ایل ون پر دستخط کیے تھے 2 مہینے کے بعد اپریل میں دنیا کی بہت بڑی شخصیت اس ایم ایل ون کی بنیاد رکھے گی اور وہ اس کا افتتاح کریں گے جس سے لاہور سے کراچی کا دورانیہ صرف 8 گھنٹے رہ جائے گا اور اسپیڈ 160کلومیٹر فی گھنٹہ ہوجائے گی۔ بعدازاں انہوں نے گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس کا دورہ کیا اور چیمبر کے عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آپ کے شہر سے شٹل ٹرین کا آغاز کردیاہے اور آپ کے جو جائز مطالبات ہیں وہ ہمیں تحریری طور پر دیں جس پر فوری عمل کیا جائے گا۔