اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کی درخواست ضمانت پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس لبنی پرویز پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کی۔ نیب پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ کی متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت آج تک ملتوی کر دی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ملزمان کے وکلا سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ نیب پراسیکیوٹر نے ایک دن کی چھٹی مانگ لی ہے،جس پر احسن اقبال کے وکیل طارق جہانگیری نے جواب دیا کہ اگر نیب پراسیکیوٹر چھٹی پر تھے تو عدالت ہمیں بتا دیتی ہم نے 4 دن کیس کی تیاری میں سخت محنت کی، جس پر نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے عدالت کو جواب دیا کہ ساتھی وکلا کو کھانا کھلاتے ہیں جس پر وکیل صفائی نے مکالمہ کیا کہ نیب کا کھانا ہضم نہیں ہوگا۔ کیس کی سماعت آج تک ملتوی کر دی گئی ۔