لاہور(آن لائن)شریف برادران کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو ان کے بیٹے کے بلاجواز جملوں پر ’’ناراضی‘‘ کا پیغام پہنچا دیاہے۔رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے ایک سینئرر ہنما نے بتایا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پی پی پی کے چیئرمین بلاول کے بیان کو پسند نہیں کیا اور پی پی پی کی اعلیٰ قیادت تک اپنی ناراضی کا پیغام پہنچا دیا ہے۔یاد رہے کہ بلاول نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ عمران خان کی طرح مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف بھی سلیکٹڈاسٹیبلشمنٹ کے منتخب وزیراعظم تھے۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ (ن)نے کہا کہ قیادت کی جانب سے ’’ناراضی‘‘ کا پیغام پہنچانے کے بعد امید ہے کہ بلاول کی جانب سے مزید کوئی پھلجڑی نہیں چھوڑی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت کی قیادت نے ہمیں سختی سے اس پر رد عمل نہ دینے کی ہدایت کی ہے کیوں کہ ہمیں پی ٹی آئی حکومت کے خلاف ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہے۔مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ بلاول زرداری کو مستقبل کے بارے میں بات کرنی چاہیے کیوں کہ دوبارہ الزام تراشیوں میں پڑنے کا کوئی فائدہ نہیں۔