لندن+ اسلام آباد (صباح نیوز+ اے پی پی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیشت کی تباہی کی قیمت قوم ادا کر رہی ہے‘ حکومتی فیصلے معیشت کے گلے کا پھندا بن گئے‘ صرف گالیاں دینے سے ملک نہیں چلتے‘ معیشت مر رہی ہے‘ عمران نیازی کی بے حسی عروج پر ہے‘ آنکھیں کھولنا ہوں گی‘ غریب کا نہ کھوکھا بچا، نہ دکان، نہ فیکٹری، نہ صنعت اور نہ ہی چھابڑی۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے دیکھ لیا کہ گالیاں دینے سے ملک، صنعت، کاروبار، روزگار اور گھر نہیں چلتے‘ معیشت بچانے کے لیے فیصلہ قوم کو کرنا ہے‘ قومی اتحاد کی ضرورت ہے‘ اس وقت تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ خسارہ، مسلسل قرضے لینا اور کم ترین شرح ترقی معیشت کی تباہی کی علامتیں ہیں‘ مہنگائی 14فیصد اور پالیسی ریٹ 13.25فیصد کر دینا ہی ملک دشمنی ہے۔ دریں اثنا مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر میں خواتین کا کردار ناقابل فراموش ہے‘ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدام کرے‘ 24 فروری1991ء کے واقعے میں ملوث بھارتی فوج کے اہلکاروںکے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ چلایا جائے اور سزائیں دی جائیں‘ کشمیری خواتین کو ان کے لازوال جذبے، قربانیوں اور عزم واستقامت پر سلام پیش کرتے ہیں۔