اوورسیز پاکستانیز کیلیے سیالکوٹ‘ ڈیرہ غازی خان میں دفاتر قائم کرنیکا فیصلہ

199

اسلام آباد (اے پی پی) وزارت سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل پنجاب کے2 شہروں میں 2 اضافی تحفظات کے دفاتر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ سیالکوٹ اور ڈیرہ غازی خان میں دفاتر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، آئندہ 3 ماہ میں یہ دفاتر قائم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد بیرون ممالک روزگار جانے کے خواہشمند شہریوں کو سہولیات کی فراہمی ہے۔ اس اقدام سے پہلے سے موجود دفاتر پر رش کم ہو گا جبکہ لوگوں کو دور دراز واقع دفاتر میں جانے کی زحمت سے بھی بچایا جا سکے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اس وقت راولپنڈی، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، ملتان اور ملاکنڈ میںاضافی تحفظات کے دفاتر کام کر رہے ہیں۔