لاڑکانہ ،بھائی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر اہل خانہ کا احتجاج

97

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں شہدادکوٹ کے نواحی گاؤں عارف خان بروہی کے رہائشی محمد عالم بروہی نے بھائی کے قتل میں ملوث ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ 10 سال قبل تھانہ سنجر بھٹی کی حدود میں زمینی تنازع پر بااثر ملزمان گل حسن مگسی، سلیم گل مگسی، سہیل مگسی اور منظور علی مگسی و دیگر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے میرے چھوٹے بھائی احمد خان بروہی کو بے دردی سے قتل کردیا تھا، واقعے کا مقدمہ درج ہونے کے بعد اب دس سال کا عرصہ گزرچکا لیکن پولیس قاتلوں کو گرفتار کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھائی کے قتل کا مقدمہ ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے جبکہ قنبر کے ماڈل کورٹ نے بھی ملزمان کی گرفتاری کے متعلق احکامات جاری کیے جس پر پولیس عمل نہیں کررہی۔انہوں نے سپریم کورٹ و ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی لاڑکانہ اور ایس ایس پی قمبر شہدادکوٹ سے اپیل کی کہ بھائی کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔