کراچی کنگز 157 رنز کا دفاع کرنے میں ناکام ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فتحیاب

224

کراچی(سید وزیرعلی قادری)ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے چھٹے میچ میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 157 رنز کا ہدف دیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اعظم خان کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مطلوبہ ہدف 6 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔ اعظم خان نے 4چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت46 رنز کی اننگز کھیل کر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم کے دونوں اوپنرز 47کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ بابراعظم 26 اور شرجیل خان 6رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اوپنرز کے پویلین واپس لوٹنے پر ایلکس ہیلز اور کیمرون ڈیلپورٹ نے اسکور بورڈ کو بڑھانے کا سلسلہ شروع کیا۔ ایلکس ہیلزنے 29 رنز کی اننگز کھیلی تاہم کیمرون ڈیلپورٹ نے 12 گیندوں پر 22 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ اختتامی اوورز میں افتخار احمد نے 2 چوکوں اور 1 چھکے کی بدولت 25 رنز بناکر ٹیم کا مجموعہ 150 کے پار پہنچایا۔ مقررہ بیس اوورز میں کراچی کنگز نے 9وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین نے 3 اور ٹیمل ملز نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں شین واٹسن اور جیسن رائے پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 41 رنز کا آغاز فراہم کیا، جس کے بعد مسلسل تین اوورز میں تین وکٹیں گرنے کے باعث مہمان ٹیم دباؤ کا شکار ہوگئی۔ شین واٹسن 27، جیسن رائے 17 اور احمد شہزاد 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 55 کے مجموعی اسکور پر ابتدائی 3 وکٹیں کھونے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نوجوان بلے باز اعظم خان اور کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کی لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن اپ کو سہارا دیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان85 رنز کی اہم شراکت نے فتح کی بنیاد رکھ دی۔اعظم خان بدقسمتی سے لیگ میں اپنی دوسری نصف سنچری بنانے میں ناکام رہے۔ انہوں نے30 گیندوں پر 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 46 رنز کی اننگز کھیلی۔ اعظم خان کے آؤٹ ہونے کے بعد سرفراز احمد نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ سرفراز احمد نے 37 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تاہم انور علی نے 19ویں اوور میں ایک چوکااور ایک چھکا لگا کر ٹیم کو فتح دلادی۔میچ میں شاندار بلے بازی کرنے پر اعظم خان کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں آئندہ 2 روزکا وقفہ ہے۔ 26 فروری کو ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔