ایل پی جی ائر مکس منصوبے کی مشینری خریدی جاچکی، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

152

گلگت (اے پی پی) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ ایل پی جی ائر مکس منصوبے کی تمام مشینری کی خریداری عمل میں لائی جاچکی ہے اور زمین بھی لیز پر حاصل کی جاچکی ہے،وفاقی وزیر توانائی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مارچ میں ایل پی جی ائرمکس منصوبے کی مشینری پہنچا دی جائے گی، اس منصوبے سے گلگت میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں مدد ملے گی، ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو ماحولیاتی آلودگی سے صاف گلگت بلتستان دینا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے صوبے میں شجرکاری مہم کے آغاز کے حوالے سے منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت شجرکاری کے حوالے سے متعین کردہ اپنے اہداف حاصل کرے گی۔ صوبے کے تمام سرکاری ملازمین کو اس بات کا پابند بنایا جائے گا کہ ہر سرکاری ملازم 4 درخت لگائے۔ اسکولوں کے 2 لاکھ طالب علموں کو بھی اس مہم میں شامل کیا جائے گا۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی شجرکاری مہم کا حصہ بنایا جائے گا۔ حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو سردیوں میں لکڑی دی جاتی تھی جس کو ختم کرکے ملازمین کو ان کی تنخواہ میں گیس کے پیسے فراہم کیے جارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ توانائی کے متبادل ذرائع متعارف کرانے کیلیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ حافظ حفیظ الرحمن نے محکمہ جنگلات کو ہدایت کی ہے کہ درختوں کی دیکھ بال اور مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔ انہوںنے اس موقع پر درخت لگا کر صوبے میں شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔