چہرے نہیں نظام بدلنے کی ضرورت ہے،بلاول بھٹو

374

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت کے خلاف عوامی تناؤ کا ابلتا لاوا کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے،چہرے نہیں نظام کی تبدیلی وقت کی ضرورت ہے۔

بلاول ہاؤس لاہور میں پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے عہدیداران سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بدنیتی اور انتقامی بنیادوں پر حکمران قومی قیادت کو نیب گردی کے ذریعے ہراساں کرکے زیادہ دیر تک اقتدار پر قابض نہیں رہ سکتے،عمران مافیا نیب گردی کے ذریعے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹا سکتااور نہ ہی ہمیں خوفزدہ کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف عوامی تناؤ کا ابلتا لاوا کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے، چہرے نہیں نظام کی تبدیلی وقت کی ضرورت ہے،سیاسی پارٹیوں کو پہلے ہی احتساب کے یکطرفہ نظام پر اعتراضات ہیں، پرویز مشرف کا بنایا ہوا نیب سیاستدانوں کے ضمیر خریدنے اور آواز دبانے کے لیے استعمال ہو رہا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نااہل سلیکٹڈ حکمرانوں کو تاریخ سے سبق حاصل کرنا چاہئے،تحریک انصاف کی حکومت پارلیمان کو عزت دے رہی ہے اور نہ ہی جمہوری نظام کو پیپلزپارٹی ایسا کوئی قدم اٹھانا چاہتی ہے جس سے جمہوریت کو نقصان ہو۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ بھارت کے ساتھ کشیدہ صورتحال میں ملک تصادم کا متحمل نہیں ہوسکتا لیکن حکمرانوں کو مزید وقت دینے کا مطلب ملک کو مزید تباہی کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے،سیاسی انتقام اور مخالفین کو نشانہ بنانا حکومت کی روایت بن گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کو تباہ کرنے والوں کا انجام قریب ہے،ملک کو نا اہل حکمرانوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے،عوام دشمن نظام میں غریب کے مسائل کبھی حل نہیں ہوسکتے،بہتر تھا کہ حکومت اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کے بجائے اپنی اصلاح کرتی قانون سازی کے لئےآرڈئینس کا طریقہ ترک کرکے پارلیمنٹ کو فعال قومی ایشوز پر اپوزیشن اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سلیکٹڈ حکومت عوام کو ریلیف کے نام پر لولی پوپ دے رہی ہے غریب عوام پر آئی ایم ایف کی کڑی شرائط کا ایک اور باب گرنے والا ہے لیکن اب عوام کی قوت برداشت ختم ہو چکی ہے ور حکمران عوام کو مزید بیوقوف نہیں بنا سکتے۔

چیئر مین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بجلی گیس بم بھی تیار ہے،حکمرانوں نے ملک کو ائی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے،آٹے چینی کے اصل چور اور ڈاکو حکمرانوں کی صفوں میں موجود ہیں ان کو کب بے نقاب کیا جائےگا اور سزا ملے گی، کمیٹیاں بناکر عوام کو دھوکہ دیا جا رہا ہے۔