لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک+خبر ایجنسیاں)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کا ٹھیکا پورا ہوچکا،6 ماہ میں چلی جائے گی ، عمران خان کی طرح نوازشریف بھی سلیکٹڈ تھے۔لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ عمران خان کی طرح نوازشریف بھی سلیکٹڈ تھے اور پی ٹی آئی کی طرح (ن) لیگ بھی پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دیتی۔ بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت ٹھیکے پر لی گئی اس کے پاس کوئی اختیار نہیں،جب حکومت ٹھیکے پر ملے تو وہی کرتی ہے جو ٹھیکا ہو،اب حکومت کا ٹھیکا پورا ہوچکا،6 ماہ میں چلی جائے گی۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ مودی کے بعد اب ٹرمپ کی الیکشن مہم چلائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو جب ضرورت پڑی ان کے لیڈر غائب ہوگئے، مہنگائی کم نہیں ہورہی ابھی توشروع ہوئی ہے، گرمی آنے دیں بجلی نہیں ہوگی اور تاریخی بل آئیں گے،پرویز مشرف دورکے تمام بحران دوبارہ سر اٹھا چکے ہیں۔بلاول کا کہنا تھا کہ بیرونی طاقتیں سلیکٹڈ حکومتوں کو ہی استعمال کرتی ہیں،عمران خان سے پہلے نوازشریف بھی سلیکٹڈ تھے لیکن بینظیربھٹو نے17ارکان کے ساتھ اکثریت والے نوازشریف کو امیرالمومین بننے نہیں دیا، پی ٹی آئی کی طرح (ن) لیگ بھی پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دیتی،وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ شہبازشریف سے بہترہیں،ان کا باقی صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے بھی مقابلہ کرالیں۔