مسئلہ کشمیر کے لیے جدوجہد کرنی ہے جنگ تو نہیں کرنی، شیخ رشید

386

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ مودی ہٹلر لیڈر ہے جس نے مسئلہ کشمیر کو زندہ کیا، کوئی طاقت کشمیر کو آزاد ہونے سے نہیں روک سکتی، ہم نے مسئلہ کشمیر کے لیے جدوجہد کرنی ہے کوئی جنگ تو نہیں کرنی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اب اگر کوئی دھرنا دینے آیا تو دھر لیا جائے گا، مولانا فضل الرحمان ویسے آئیں تو ان کا استقبال سموسوں اور پکوڑوں سے کریں گے وہ جی جان سے آئیں لیکن دھرنا دینے آئے تو دھر لیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز بیرون ملک نہیں جاسکیں، ان کے راستے میں وفاقی کابینہ رکاوٹ ہے، وہ لندن گئیں تو ان کی سیاست پر سوالیہ نشان ہوگا۔

وفاقی وزیر نے آٹے بحران کو سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ آٹے کا کوئی بحران نہیں تھا یہ بس ایک سازش کی گئی، انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم ہمارے ساتھ ہے وہ  شریف پارٹی ہے اور اچھی ہوگئی ہے لیکن مولانا فضل الرحمان ہمارے ساتھ نہیں ہیں۔

ریلوے کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ خسارہ کم کرنے کی کوشش کریں اور ریونیو بڑھائیں گے، کراچی سرکلر ریلوے پر کسی کو سیاست کرنے کا شوق ہے تو دل پشوری کر لے۔